کشمیر ریلی کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کروانا ہے، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ میرا قائد عمران خان بہادر اور ویژنری لیڈر اور کشمیریوں کا سفیر ہے۔بھارت کی ہندوتوا پالیسی پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دیگی۔ آج کی کشمیر ریلی کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کروانا ہے۔اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ڈی چوک میں بڑی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوے کیا۔اس سے پہلے وزیراعظم ایک بڑی ریلی کی صورت میں نیشنل پریس کلب پہنچے ۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے اس موقع پر وزیراعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے بعد ازاں وزیراعظم دیگر قائدین کے ہمراہ ڈی چوک روانہ ہوئے۔کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم نے کہا کہ میں تحریک آزادی کے بیس کیمپ کا وزیراعظم ہوں، ایل او سی پر رہنے والا ہوں میرا گھر بھارتی فوج کی پوسٹ کے صرف پانچ سو گز کے فاصلے پر ہے،مجھ سے زیادہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میرا لیڈر گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر سے ملانے کے لیے شونٹر ٹنل بنا رہا ہے جو گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں خطاب میں وہاں کشمیریوں کی آواز پہنچائی۔اگر افغانستان کے چالیس سال کے مسئلے پر ان کیمرہ اجلاس بلایا جا سکتا ہے تو 74 سال کے مسئلہ کشمیر پر بھی ان کیمرہ اجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا قائد عمران خان کشمیرہوں کا سفیر ہے انہوں نے کوٹلی میں واضح طور پر کہا کہ کشمیری جو فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہو گا عمران خان بہادر اور ویژنری لیڈر ہے۔

انہوں نے کہا دنیا مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام پر بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لے بھارت کو جلد یا بدیر مقبوضہ کشمیر چھوڑنا پڑے گا۔عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، اگر دنیا کی عالمی۔طاقتوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظلم و بربریت کا نوٹس نہیں لیا تو خطہ عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ سے بھی کہا کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بھارت کو پابند کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے۔انہوں نے کہا کہ دنیا اس بات کا نوٹس لے کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت بھارتی فوج کی قید میں ہے، ان کے بنیادی انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close