ایڈہاک ایکٹ کا خاتمہ حق اور انصاف کی فتح ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا قانون اسمبلی میں اظہار خیال

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی نے کہا ہے کہ ایڈہاک ایکٹ کا خاتمہ حق اور انصاف کی فتح ہے ، کوئی بھی معاشرہ میرٹ اور قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ ایڈھاک ایکٹ کالا قانون تھا جس کو آج قانون ساز اسمبلی سے ختم کر دیا گیا ہے۔ ایڈھاک ایکٹ کا خاتمہ قانون کی بالادستی ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق قانون کی حکمرانی اورمیرٹ کی بالادستی قائم کریں گے۔ اب کوئی بھی میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر کے غیر قانونی طور پر ملازمین کو مستقل نہیں کر پائے گا۔ ایڈھاک ایکٹ کے خاتمے سے کسی کو بھی نوکری سے نہیں نکالا جارہابلکہ تمام ملازمین کو تحت ضابطہ پراسس سے گزارا جائے گا۔ گزشتہ حکومت نے ایڈھاک ایکٹ لا کر آزادکشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کا حق مارا اوربنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی۔ قانون ساز اسمبلی سے ایڈھاک ایکٹ کے خاتمے پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے گڈ گورننس اور میرٹ کے قیام کے نعرے لگائے اور جاتے جاتے ایڈھاک ایکٹ جیسا کالا قانون پاس کر گئے اورپڑھے لکھے نوجوان کا استحصال کیا اور راتوں رات بغیر کسی قانون ضابطے کے لوگوں کو مستقل کر دیا گیاجس کی وجہ سے آزادکشمیر کے عوام میں بالخصوص پڑھے لکھے نوجوانوں میں ایک تشویش پائی جاتی تھی۔

تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل اعلان کیا تھا کہ اس کالے قانون کو ختم کر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ان کا حق دیں گے اور آج اللہ کے فضل و کرم سے یہ کالا قانون ختم کر دیا گیا ہے، اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایڈھاک ایکٹ کی وجہ سے آزادکشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے تمام راستے بند ہوگئے تھے۔ کسی کو حق نہیں کہ وہ آزادکشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کا استحصال کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close