پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی کا بالسیری گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج، گرلز سیکنڈری ہائی سکول گھنڈی پیراں کا دورہ

پٹہکہ (پی آئی ڈی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ایلیمنٹری، سیکنڈری و ہائر ایجوکیشن پروفیسر تقدیس گیلانی کا بالسیری گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اور گرلز سیکنڈری ہائی سکول گھنڈی پیراں کا دورہ۔ بوائز ڈگری کالج بالسیری آمد پر ادارہ کے پرنسپل حافظ محمد حسین و فیکلٹی اور طلبہ نے پروفیسر تقدیس گیلانی کا استقبال کیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکولز نسواں صائمہ نذیر بھی انکے ہمراہ تھیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کالج میں پودا بھی لگایا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کے نظام کی بہتری کے لیے نئی ایجوکیشن پالیسی لا رہی ہے، آئندہ پانچ سال میں شرح خواندگی 85% کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے سکولوں میں سہولیات کو بہتر بنانے کے علاوہ آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ جو بچے سکولوں سے باہر ہیں انہیں سکولوں میں لایا جائے گا۔معیار تعلیم کی بہتری کے لیے بھی جدید تقاضوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ معیار تعلیم کی بہتری کیلئے برٹش کونسل اور بین الااقوامی اداروں کے زیر اہتمام ٹیچر ٹریننگ کا عمل شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سٹاف سمیت دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا گے۔اس موقع پر انہوں نے کالج مسائل بھی جائزہ لیا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ازاں بعد پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول گھنڈی پیراں کا بھی دورہ کیا، ادارہ کی پرنسپل شازیہ جبین اور سٹاف نے پارلیمانی سیکرٹری کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے وہاں پودا لگایا اور ادارہ کے مسائل پر بریفنگ لی۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ باوقار معاشرے کے لیے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا انتہائی ضروری ہے، آزاد کشمیر میں خواتین کے لٹریسی ریٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔بچیوں کی تعلیم پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے، اس سلسلہ میں اداروں میں سٹاف کی سو فیصد حاضری اور Missing Facilities کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی خواتین باصلاحیت ہیں جنہوں نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی سمیت تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے، ٹیوٹا، محکمہ سوشل ویلفیئر اور وویمن ڈویلپمنٹ کو مضبوط بنائیں گے تاکہ ہماری خواتین کو زیادہ زیادہ سے مواقع میسر آئیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close