سری نگر کی جامع مسجد کشمیری مسلمانوں کا مذہبی و روحانی مرکز ہے، تاریخی مسجد میں نماز جمعہ پر مسلسل پابندی افسوسناک ہے، وزیر آزاد کشمیر کی سری نگر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر کی جامع مسجد کشمیری مسلمانوں کا مذہبی اور روحانی مرکز ہے جہاں صدیوں سے وہ اپنے سیاسی حقوق کے لیے آواز اٹھاتے آئے ہیں۔سری نگر سے تعلق رکھنےوالے طلبہ کے وفد سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں عبادت کے بنیادی حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کے عبادت کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق بحال کرنے پر مجبور کرے۔وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے آزادکشمیر کے شہریوں سے اپیل کی کہ 24 فروری کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے بلیو ایریا ڈی چوک تک کل جماعتی کشمیر ریلی میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہ کل جماعتی کشمیر ریلی ایک تاریخی ساز اجتماع ہوگا جس سے بھارت کو دوٹوک پیغام دیا جائے گا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور انہیں حق خودارایت دے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں