اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کا میکنزم طے کر کے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ آزادکشمیر کے 33حلقوں میں اربوں روپے کی لاگت سے فی حلقہ 20 کلومیڑ سڑکوں کی تعمیرکے ٹینڈر جاری ہوگئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں عوام کو معیاری اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے 825کلومیٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے۔ آزادکشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام وفاقی سکیموں کا دائرہ کار آزادکشمیر تک بڑھا دیا گیا ہے،
احساس پروگرام، ہیلتھ کارڈ، کامیاب نوجوان پروگرام سمیت تمام قومی سکیموں میں آزادکشمیر شامل ہے۔ 520ارب روپے کے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج پر بہت جلد عمل درآمد ہوگا۔ لوہار گلی ٹنل کا منصوبہ منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو ملانے کے لیے شونٹھر ٹنل کا منصوبہ بھی زیر کار ہے جس پر جلد عمل درآمد ہو گا۔ کہوڑی کامسر ٹنل، لیپہ ٹنل، مہاجرین 1989کی آبادکاری اور ٹور ازم کوریڈور کے میگا پراجیکٹس کے پی سی ون تیار کر کے حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف 2023ء کے انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کر ے گی۔ اپوزیشن اور اس کے نام نہاد اتحاد کو پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزراء حکومت اظہر صادق،سردار فہیم اختر ربانی، دیوان علی خان چغتائی اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادخطہ میں ترقی اور خوشحالی کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
اس وقت آزادکشمیر کے طول و عرض میں عوامی منصوبہ جات پر کام جاری ہیں، تمام شہروں میں جاریہ منصوبہ جات کے کام میں تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عمران خان آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور آزادکشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وافر فنڈز مہیا کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ملک کا عام آدمی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔
اللہ کے فضل و کرم سے وزیرا عظم پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ پی ٹی آئی 2023ء کے انتخابات میں دوسری مرتبہ بھی تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی۔ مخالفین عمران خان سے خوفزدہ ہیں اور اتحاد بنا کر خان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ لیکن وہ نہ پہلے کامیاب ہوئے ہیں اور نہ اب ہوں گے۔ منڈی بہاؤ الدین میں عمران خان کا جلسہ مخالفین کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ عمران خان پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان مضبوط اور مستحکم بنے گا۔مشکل وقت گزر چکا ہے، آنے والا وقت ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کا ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں