آزاد کشمیر کے عوام 24 فروری کو کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کریں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سیاسی قیادت کے ہمراہ ریلی میں شریک ہوں گے

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ ماہ ہونے والی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں آزادی کے بیس کیمپ کی قیادت کی مشاورت سے 24فروری کو اسلام آ باد میں منعقد ہونے والی کشمیر ریلی کی یہ پہلی کال ہے۔ یہ ریلی نیشنل پریس کلپ اسلام آباد سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہو گی جہاں پر آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ لہذا اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے آپ لوگ اس میں بھرپور انداز میں شرکت کریں تاکہ ہم مزید اقدامات بھی اٹھا سکیں۔

پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور حکومت سازی میں ان کا اہم کردار ہے، حکومت بنانے میں ان کی بڑی کاوشیں ہیں میں پہلے سے زیادہ کوشش کروں گا کہ انہیں حکومت میں عزت، احترام اور جائز مقام مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے راہنماؤں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں پارٹی راہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس سے اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے جب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تو میں نے اس امر اور عزم کا اعادہ کیا تھا کہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور میں یہاں سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 30جنوری کو کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزادی کے بیس کیمپ کی سیاسی قیادت کی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی ۔

آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے ان فیصلہ جات کی روشنی میں پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک ایک بڑی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ میں آزاد کشمیر کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اور یہ ثابت کر دیں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں اور اس موقع پر پوری دنیا اور عالمی میڈیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اور مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائیں۔ لہذا آپ لوگ 24فروری کو اسلام آباد میں منعقدہ ہونے والے کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں