وزیراعظم آزاد کشمیر کا رورل سپورٹ پروگرام میں غیر قانونی بھرتیوں کا نوٹس، ادارے کی تنظیم نو، غیر مجاز شخصیات سے گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت

اسلا م آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد جموں وکشمیر رورل سپورٹ پروگرام میں غیر قانونی بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ادارے کی تنظیم نو اور اسے فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے جے کے آر ایس پی کی مختلف گاڑیاں جو دوسرے اداروں اور شخصیات کے استعمال میں ہیں انہیں فوری طور پر واپس لیا جائے،

اے جے کے آر ایس پی کو فعال اور منظم ادارہ بنانے کے لیے حکومت آزادکشمیرتمام تر وسائل مہیا کرے گی تاکہ ادارہ کے قیام کے اغراض و مقاصد پورے ہو سکیں،رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام فلاحی منصوبہ جات کے لیے روڈ میپ تیار کیا جائے اور قابل عمل منصوبہ جات کے اجراء کے لیے منصوبہ بندی کی جائے، حکومت ادارہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادجموں و کشمیر رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عمر شہراذ جرال سیملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اے جے کے آر ایس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو ادارہ کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ماضی میں اس اہم ادارے کااستحصال کیا گیا اور اس کے وسائل کو بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا فلاحی اداروہ کومحض ریکروٹنگ ایجنسی بنا کر رکھ دیا گیا

جس سے ادارہ بری طرح متاثر ہوا حکومت آزاد کشمیر اے جے کے آر ایس پی کی بحالی کے لیے بھرپور تعاون کرے گی وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی ہے کہ اے جے کے آر ایس پی کو فعال اور منظم بنانے کے لیے اس کی تنظیم نو کی جائے اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر مکمل طور پر با اختیار ہیں اے جے کے آر ایس پی کے ریجنل اور ضلعی دفاتر فعال بنائے جائیں ادارہ کو متحرک اور فعال بنانے کے لیے موثر منصوبہ بندی کی جائے اور مستقبل کے منصوبہ جات کے لیے جاندار روڈ میپ تیار کیا جائے حکومت آزادکشمیر اے جے کے آر ایس پی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تاکہ یہ ادارہ منظم بنیادوں پر کام کر سکے اور غربت پسماندگی کے خاتمے،عوام کے معاشی اور سماجی مسائل کے حل اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے میں یہ ادارہ اپنا حصہ ڈال سکے اے جے کے آر ایس پی کے قیام کا بنیادی مقصد غربت میں کمی،پسماندگی کا خاتمہ،دیہی علاقوں میں عوام کے سماجی اور معاشی مسائل کے حل میں معاونت اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کام کرنا ہے ان اغراض و مقاصد کے حصول کے لیے حکومت رورل سپورٹ پروگرام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی

ادارہ کے اثاثہ جات کی بحالی کے لیے تعاون یقینی بنایا جائے گا منصوبوں کے اجراء میں ادارہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اس موقع پر وزیراعظم نے نو تعینات چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ سی،ای،او، ادارہ کی تنظیم نو اور بحالی کے لیے مکمل طور پر با اختیار ہیں ادارہ کے اثاثہ جات کے تحفظ کے لیے موثر منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں حکومت غیر مشروط تعاون کرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close