عوام کو طاقت کا اصل سرچشمہ سمجھتا ہوں، آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا خطاب

کوٹلی (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں عوام کو طاقت کااصل سرچشمہ سمجھتا ہوں اورآزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور اسے صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے کے لئے یہاں سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کا مکمل خاتمہ کر کے دکھاؤں گا اور عوام کے چھوٹے بڑے مسائل انشاء اللہ حل کریں گے۔

میں چاہے وزیر اعظم ہوں، صدر ہوں، اپوزیشن لیڈر ہوں یا ممبر اسمبلی ہوں عوام نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی مدد ہمیشہ میری شامل حال رہی ہے۔ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں 24فروری کواسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے ثابت کردیں کہ آپ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اُن کی آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی میں سمروڑ کے مقام پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام کی صدارت چیئرمین کوٹلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی چوہدری محبوب ایڈووکیٹ نے کی جبکہ جلسہ عام سے وزیر مال چوہدری اخلاق احمد، وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک، وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی، پروفیسر مطلوب، اصغر قریشی،چوہدری رستم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل جب صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوٹلی سے سمروڑ کے لئے روانہ ہوئے تو انہیں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بہت بڑی ریلی کی صورت میں سمروڑ لایا گیا۔

سمروڑ پہنچنے پر صدر ریاست کو جیپ میں سوار کر کے جلسہ گاہ لایا گیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب سمروڑ پہنچے تو ہزاروں لوگوں نے اُن کا پرجوش انداز میں والہانہ اور فقید المثال استقبال کیا۔ اس موقع پر جلسہ گاہ میں ہزاروں لوگ موجود تھے۔اس موقع پر صدر ریاست کو پھولوں کے ہار پہنائے گے، اُن پر گلپاشی کی گئی اور نوٹوں کی بارش کی گئی۔ جبکہ کوٹلی سے سمروڑ تک راستے میں مختلف جگہوں پر اُن کا استقبال کیا گیا، صدر ریاست کے استقبالی پینافلیکس، بینرز اور اسٹیکرز سے راستے کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھانے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

میں نے اس سلسلے میں گزشتہ دنوں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی اور اس آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں ہم نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے مختلف جگہوں پر ریلیوں، مظاہروں اور کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ جس کے مطابق 24فروری کو اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی نکالی جائے گی جس میں آزادی کے بیس کیمپ کی تمام سیاسی قیادت شریک ہوگی۔ میں آپ لوگوں سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ آپ اس ریلی میں بھرپور انداز میں شریک ہو کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں اور دنیا کو باور کروا دیں کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں اور ہماری جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں چاہے وزیر اعظم ہوں، صدر ہوں، اپوزیشن لیڈر ہوں یا ممبر اسمبلی ہوں آزادکشمیر کے عوام نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اوراُن کے مسائل کے حل کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی جائے گی میں آزادی کے بیس کیمپ سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کوختم کر کے دکھاؤں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close