مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی ہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کا منصوبہ تصریحات کے مطابق مقررہ مدت سے قبل بہرصورت مکمل کیا جائے، اہم ترین ریاستی منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے اس کی موثر مانیٹرنگ کی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
متعلقہ حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لیے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی، وفاقی حکومت کے مشکور ہیں کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ بجٹ بروقت مہیا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کی طرف سے قانون ساز اسمبلی کی عمارت کے جاریہ منصوبے سے متعلق دی گئی بریفنگ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ فیاض علی عباسی،سیکرٹری ٹو وزیراعظم سردار ظفر محمود،سیکرٹری قانون ساز اسمبلی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو بتایا گیا کہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، منصوبے کا مجموعی تخمینہ 2ارب 80کروڑ روپے ہے،رواں سال کے ماہ اگست تک عمارت کا سٹریکچر مکمل کر لیا جائے گا جبکہ جون 2023تک منصوبے کی سو فیصد تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔منصوبے کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل بہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت کا کام بروقت مکمل کیا جائے اور منصوبیکی برقت تکمیل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے بروقت مکمل نہ ہونے سے ان کی لاگت بڑھ جاتی ہے اور حکومت کو خزانہ سرکار سے اضافی اخراجات کرنا پڑتے ہیں اور ریاست کا مالی نقصان ہوتا ہے۔
اس لیے متعلقہ محکمے مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل بہر صورت یقینی بنائیں تاکہ منصوبوں کی لاگت نہ بڑھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت منصوبوں کی برقت تکمیل کے لیے پر عزم ہے اور منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے فنڈز کی قلت کو آڑے نہیں آنے دے گی،منصوبوں کے لیے فنڈز کی قلت نہیں ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں