وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر میں عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام “ماسک ویئرنگ کمپین” کا آغاز کر دیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی نے آزادکشمیر میں عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام ’ماسک ویئرنگ کمپین کا آغاز کر دیا۔ حکومت آزادکشمیر کے اشتراک سے اس کمپین کے تحت عوام الناس کو ماسک کے استعمال اور وباء سے بچاؤ کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی جائیگی۔ اس حوالہ سے آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس میں وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا،سیکرٹری صحت میجر جنرل احسن الطاف،سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈاکٹر بشریٰ شمس،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ملازم حسین بخاری، ڈاکٹر سردار محمود خان، سربراہان محکمہ جات اور کالج کے طلبہ و سول سوسائٹی بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ انسانیت کی خدمت کرنے والا ہمارا دوست ہے۔ آزادکشمیر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے، کرونا وباء کے دوران عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے بہترین حکمت عملی اپنائی اور پاکستان کے اقدامات کی تعریف دنیا بھر میں کی گئی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کرونا وباء کے دوران ڈاکٹر اور طبی عملے نے بہترین خدمات دیں اور لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، وہ شہید ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالانے ایل او سی کے علاقوں کیلئے ایمبولینسز، کولڈ چین وہیکلز اور طبی سامان فراہم کیا جس پر انکا شکرگزار ہوں۔ حکومت عالمی ادارہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث کرونا کے دوران پاکستان میں غریب کا چولہا نہیں بجھا۔ وزیراعظم نے کالج کا معیار بہتر بنانے اور اسے برقرار رکھنے پر ادارہ کے پرنسپل اور فیکلٹی کو مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ کرونا سے بچاؤ کیلئے بہترین کمپین لانچ کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے شکرگزار ہیں۔کرونا وباء کے دوران شہریوں کو بچانے کیلئے ڈاکٹر زاور پیرا میڈیکل سٹاف نے بہترین خدمات انجام دیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے کہاکہ خوشی ہے کہ آج آزادجموں وکشمیر میں ماسک ویئرنگ کمپین لانچ کررہے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر اور حکومت پاکستان نے کرونا سے بچاؤ کے لیے بہترین حکمت عملی اختیار کی۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں آزادکشمیر میں صحت کا شعبہ بہتر انداز میں ترقی کررہا ہے۔ آزادکشمیر میں ویکسی نیشن کی شرح بہترین ہے، انہوں نے میڈیکل کالج کے طلبہ سے کہا کہ تعلیم کا مقصد انسانیت کی خدمت ہونا چاہیے۔ ماسک ویئرنگ کمپین کے ساتھ ساتھ لوگوں ویکسی نیشن پر بھی فوکس کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا کے دوران حکومت پاکستان نے بہترین اقدامات کیے دنیا بھر میں ان اقدامات کی تعریف کی گئی۔ تقریب سے سیکرٹری صحت میجر جنرل احسن الطاف اور پرنسپل مظفرآباد میڈیکل کالج پروفیسر ملازم حسین بخاری نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، حکومت آزادکشمیر کے تعاون اورمیڈیکل کالج مظفرآباد کے حوالہ سے خصوصی ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے میڈیکل کالج کے طلبہ میں ماسک بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے ڈبلیو ایچ کے کنٹری ہیڈ کو سوینئر دیا۔ وزیراعظم آزادکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی اور عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے میڈیکل کالج کے سبزہ زار میں پودے بھی لگائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں