مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر و چئیرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان نے ملاقات کی اور معائنہ و عملدرآمد کمیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے چیئرمین معائنہ و عملدرآمد کمیشن کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر بھر میں جہاں جہاں ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں یا پھر غیر معیاری کام ہو رہا ہے۔
ان کی نشاندہی کی جائے، سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبے جب بروقت مکمل نہیں ہوتے تو ان کی لاگت بڑھ جاتی ہے جس کا ریاستی خزانے پر بوجھ پڑتا ہے۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادخطہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ عمران خان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے وافر فنڈز فراہم کیے اور میگا ترقیاتی منصوبے بھی دیے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں