صدر آزاد کشمیر نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کا دورہ

میرپور (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کا دورہ کیا۔صدر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور انہیں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب میں کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سر فہرست ہیں۔میرپور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے فیز ون کے تحت ایک عمارت مکمل ہوچکی ہے جبکہ فیز سیکنڈ میں ایک اور نئی جدید نوعیت کی بلڈنگ سمیت میڈیکل کے متعلق تمام ہیلتھ ایکوپمنٹ بھی مہیا کررہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کو اسلام آباد یا دیگر شہروں میں علاج معالجہ کے لئے نہ جانا پڑے۔

انہوں نے کمیونٹی ہسپتال کے لئے 22 کنال کا رقبہ فری آف کاسٹ دینے،ہسپتال کی تعمیر،برطانوی کمیونٹی کے تعاون سے مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کے صحت سہولت کارڈ کی بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال میں سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اس عوامی اور فلاحی منصوبہ کی کامیابی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس(ر) خان اعظم خان اور محمد ندیم نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کے بانی چوہدری مہربان حسین،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر اعظم خان، چیئرمین چوہدری طارق،سابق ممبر اسمبلی کرنل(ر) معروف خان،ڈاکٹر راجہ سکندر اقبال،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں صحت اور تعلیم اہم جز ہوتے ہیں اس لئے جہاں نجی شعبے میں عوام کے تعاون سے یہ ہسپتال بنا اور چل رہا ہے یہ علاقے کے عوام کے لئے بہت بڑی خدمت ہے۔ اسی طرح سرکاری سطح پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور میں 500بیڈ پر مشتمل ہسپتال کی بلڈنگ مکمل کی جا چکی ہے جس میں جدید سہولیات،طبی آلات اور دیگرلوازمات کی فراہمی کے لئے 75کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس ہسپتال میں لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ حکومت اپنے طور پر عوام کو صحت کے شعبے میں سہولیات مہیا کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم اس سلسلے میں نجی شعبے کا کردار بھی اہم ہے۔ لہذا مخیر حضرات عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے آگے بڑھیں۔ میں بنگڑیلہ میں بہترین سہولتوں سے آراستہ ہسپتال قائم کرنے پر چوہدری مہربان حسین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمیں امید ہے کہ اس سے عوام علاقہ کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہونگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close