ریاستی میڈیا مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز دنیا بھر میں بلند کرے، صدر آزاد کشمیر کا چنار پریس کلب کی تقریب حلف برداری سے خطاب

اسلام گڑھ (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے ماضی میں ہر حکومت نے میرپور میں کرپشن کا بازار گرم کر کے اپنی تجوریاں بھریں لیکن اب ایسا نہیں ہو گا میرپور کو مزید کرپٹ مافیا کے سپرد نہیں کر سکتے۔ اب میرپور سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے کرپٹ عناصر کا بے رحم احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بیس کیمپ کے صدر کی حیثیت سے کامیاب کشمیرکانفرنس منعقد کی جس میں آزادکشمیرکی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قیادت نے شرکت کی۔

24 فروری کواسلام آباد پریس کلب سے ڈی چوک تک کشمیرریلی نکالی جائے گی جبکہ یواین او کے جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران نیویارک میں آزادکشمیرکی ساری سیاسی قیادت اپنے تمام سیاسی انتخابی اور جماعتی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے مظاہرے کریں گے۔ کشمیرکانفرنس میں کیے گئے فیصلہ جات کی روشنی میں لندن،یورپی یونین،برسلز سمیت دیگرممالک میں کشمیرکانفرنسزمنعقد کی جائیں گی۔میڈیااس وقت دنیاکاطاقت ور ہتھیارہے، ریاستی میڈیامقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کی آواز دنیابھرمیں بلند کرے اور تحقیقاتی صحافت کے فروغ کویقینی بنائے۔ آزادکشمیرکے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے پریس فاؤنڈیشن کاقیام میں نے عمل میں لایاتھااب اس ادارے کومزیدمضبوط ومستحکم بنائیں گے۔ ریاستی میڈیاکی ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ اہلیان میرپورکی پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، متاثرین منگلاڈیم کے اضافی کنبہ جات کی آبادکاری کویقینی بنایاجارہاہے۔ رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیرپرجلد کام شروع ہوجائے گا۔

میرپور اس وقت کرپشن کاگڑھ بن چکاہے۔ میرپور کو کرپشن کاگڑھ کسی صورت نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنار پریس کلب اسلام گڑھ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت برطانوی لارڈ میئر لیڈز کونسلر اصغر خان قریشی نے کی جبکہ تقریب سے برٹش ایم پی راجہ محمد یاسین،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال خان، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی، سابق امیدواران محمد نذیر انقلابی، چوہدری عظیم بخش،سائیں ذوالفقار،چوہدری خلیق الزمان، کرنل(ر) معروف خان، چوہدری جاوید اقبال، چوہدری محمد عارف،آزاد جموں و کشمیر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر ظفیر بابا،صدر پریس کلب چوہدری امجد،سی یو جے کے ضلعی صدر راجہ الیاس،سرپرست اعلی عبدالرزاق نیازی اور سابق صدر عرفان صادق نے خطاب کیاجبکہ نظامت کے فرائض صحافی چوہدری جاوید اختر اور کاشف اکبر نے سرانجام دئیے۔قبل ازیں صدر آزاد کشمیر نے نومنتخب عہدیداران چنار پریس کلب اسلام گڑھ سے حلف لیا اور نئی اور پرانی باڈی کو مبارک باد دی اور ان سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار کی توقع کی۔لارڈز میئر اصغر خان قریشی اور ممبر برٹش پارلیمنٹ راجہ محمد یاسین نے صدر آزاد کشمیر کی مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی خدمات کو سراہا۔

صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے آزادکشمیرمیں قانون سازی کریں گے اور پریس فاؤنڈیشن کومضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرپورکے لوگوں نے ہرفورم پرقربانی دی۔ میرپور کوکرپشن سے پاک کرنے کے لیے اپنابھرپورکرداراداکروں گا۔ میرپور کے لوگوں کے ساتھ زیادتیاں اور لوٹنے کی کسی کواجازت نہیں دونگا۔ انہوں نے کہاکہ منگلاڈیم کی تعمیرکے لیے ہمارے آباؤاجداد نے اپنی قبروں کی قربانیاں دیں۔ اہلیان میرپور بالخصوص اوورسیزکشمیریوں نے جہاں بین الاقوامی سطح پرمسئلہ کشمیرکوزندہ رکھاوہاں کثیرذر مبادلہ بھیج کرریاست کی معیشت میں بھی بڑااہم کرداراداکررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پرہونے والے کشمیرملین مارچ سے بھارت کامکروہ چہرہ اورسیکولرازم کاپول دنیامیں کھل گیاہے۔ بھارت کے اندر سے مودی کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ مسلمان طالبہ مسکان نے اللہ اکبرکانعرہ بلند کرکے دنیا کوبتایاہے کہ بھارت کس طرح انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے۔ انھوں نے کہاکہ بہت جلد ایک اور کشمیر کانفرنس منعقد کریں گے جس میں آزادکشمیرکی سیاسی جماعتوں، حریت قیادت،اوورسیز کشمیری قیادت کومدعوکیاجائے گا۔ صدر آزادکشمیر نے کہاکہ میں آزادکشمیراورپاکستان کاواحد لیڈرہوں جس نے برطانوی پارلیمنٹ کے 42 اراکین کے سامنے مسئلہ کشمیرپربریفنگ دی اور آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے فورم پربھی مسئلہ کشمیراٹھایا۔ اس طرح یواین اے کی جنرل کونسل میں جاکربھی کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close