حکومت مدارس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کردار ادا کرے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ناظم اعلیٰ جمعیت اہل حدیث آزاد کشمیر سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ علماء کرام ریاست کی فلاح و بہبود اور معاشرے کی درست سمت میں رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔تحریک پاکستان میں علماء کا کردار انتہائی اہم رہا قیام پاکستان کے بعد بھی آئین پاکستان کی تشکیل میں علماء نے اہم کردار ادا کیا ۔حکومت مدارس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرے گی ۔عمران خان عالم اسلام کے لیڈر کے طور پر جو کام کر رہے ہیں مسلم سکالرز کو انہیں مدد اور تعاون فراہم کرنا چاہیے ۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہل حدیث آزادجموں و کشمیر مولانا دانیال شہاب مدنی اور سینئر نائب امیر سید عتیق الرحمان شاہ کشمیری سے بات چیت کرتے ہوے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے ریاست میں مولانا شہاب الدین مدنی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسوقت عالمی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مساجد معاشرے میں یکجہتی اور بردباری کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر فلاح کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کو جدید علوم سے بہرہ ور کرنے کیلیے اہم اصلاحات لائے گی تاکہ وہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچے اور بچیاں جدید ٹیکنالوجی جس میں کمپیوٹر اور آئی ٹی شامل ہے سے بہرہ ور ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسوقت جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنا ہو گا تاکہ ہم اس پروپیگنڈے کو مقابلہ اور توڑ کر سکیں جو اسلام کو نقصان پہنچانے کیلیے کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ملک کی ترقی اور استحکام کیلیے بھی ہمیں اتحاد سے آگے بڑھنا ہو گا ۔مولانا دانیال شہاب مدنی نے وزیراعظم کو جامع محمدیہ اپر چھتر میں کھلی کچہری کی دعوت دی ۔انہوں نے وزیراعظم کو پیغام چینل کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ اسوقت ان کے 470 مدارس اور 70 مساجد خدمات انجام دے رہی ہیں ۔انہوں نے وزیراعظم کے ویژن کو سراہا اور انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close