آزادجموں و کشمیر بنک کو شیڈولڈ بنک بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے، نیشنل بنک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ کے ساتھ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادجموں و کشمیر بنک کو شیڈولڈ بنک بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔بلاسود قرضوں کے نظام کو فروغ دیکر عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کیا جا سکتا ہے ۔ہمیں اشرافیہ کے بارے میں نہیں سوچنا بلکہ متوسط طبقے کا خیال رکھنا ہے ۔جب امیر و غریب میں بڑا فاصلہ پیدا ہو جائے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔نیشنل بنک آف پاکستان آزادجموں و کشمیر میں گھروں کی تعمیر کیلئے آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کی سکیم لانچ کرے ۔

عمران خان کا ویژن کہ بنک شلوار قمیض اور اردو زبان کو فروغ دیں سے بنکوں تک عام آدمی کی رسائی آسان ہو گی بنک وزیراعظم پاکستان کے اس عظیم ویژن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔متوسط طبقہ بلند شرح سود کی وجہ سے بنک سے قرضہ نہیں لے سکتا اس نظام کو آسان بنانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار نیشنل بنک آف پاکستان کے سینئر وائس پریذیڈنٹ محمد خورشید خان ،ریجنل ہیڈ سید اختر علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹر شمریز طالب سے گفتگو کرتے ہوے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔آزادجموں و کشمیر کے سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اے جے کے بینک کی شاخیں آزادکشمیر بھر میں موجود ہیں شیڈولڈ بنک کا درجہ حاصل کرنے کے بعد اسکی برانچز پاکستان بھر گلگت بلتستان اور پھر دوسرے مرحلے میں گلف ممالک میں کھولی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ اسلامک بنکنگ کے نظام کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے اس کے ساتھ ساتھ اے جے کے بنک کے آئی ٹی سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلیے نیشنل بنک معاونت فراہم کرے ۔انہوں نے کہا کہ یورپی ملکوں میں مورگیج فنانس کے ذریعے لوگوں کو آسان اقساط پر گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دئیے جاتے ہیں جس کی شرح سود بھی کم ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں 30 سے 40 سال میں نچلے طبقے کا معیار زندگی بلند کیا گیا اسی وجہ سے آج چین سپر پاور ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں کا محور بھی متوسط طبقے کی ترقی ہونا چاہیے یہی تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا ویژن ہے جس کی سب بڑی مثال احساس پروگرام اور لوگوں کو کم۔شرح سود پر گھروں کی تعمیر کیلیے قرضوں کی فراہمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنک بھی خود کو تبدیل کریں اور عام آدمی کو قرضہ دیں ہمیں مارکیٹنگ کے شعبے کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ایک عام آدمی اگر اتنی ہی قسط پر گھر لے جتنا وہ کرایہ ادا کر رہا ہے تو اس سے بڑی تبدیلی آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق لوگوں کو گھروں کیلیے قرضہ دینے سے معیشت ترقی کرے گی کیونکہ اس سے تعمیرات کے شعبے کو بوسٹ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت عام آدمی بلند شرح سودکی وجہ سے بینک سے قرض نہیں لے سکتا جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں سبسڈی بھی دے سکتی ہے تاکہ متوسط طبقے کو اوپر اٹھایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اخوت کی مثال ہمارے سامنے ہے انہوں نے کس طرح عام آدمی کا خیال رکھا اور اسوقت ایک بڑا طبقہ اپنے پاوں پر کھڑا ہے روزگار کیلیے قرضوں کی فراہمی بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close