آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیرکا اسلام آباد چیمبر آف کامرسے خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کامرس اور انڈسٹری کے شعبے کا معیشت میں اہم کردار ہے،آن لائن بزنس نے تجارت کے تصور کو تبدیل کر دیا ہے بزنس کمیونٹی کا ملکی ترقی میں کردار انتہائی اہم ہے،بزنس کمیونٹی سے رابطوں کا مقصد ہی انہیں ریاست میں سرمایہ کاری کیلیے راغب کرنا ہے،وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اہم خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے پہلے جب وزیراعظم آئی سی سی آئی پہنچے تو چیمبر کے صدر شکیل منیر و دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سردار امجد جلیل بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے چیمبر آف کامرس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں شعبوں کے کام کے حوالے سے صدر چیمبر آف کامرس نے بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، عمران خان نے کورونا وبا کے دوران غریب آدمی کا چولہا بھجنے نہیں دیا، بزنس کمیونٹی آزاد کشمیر کا دورہ کرے، ہم ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، سیاحت کو وسعت دینے کیلئے اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لا رہے ہیں،

کاروباری طبقے کی جانب سے سرمایہ کاری سے آزاد کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔بزنس کمیونٹی کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ خوبصورت خطے میں سرمایہ کاری کریں۔کاروبار کیلئے آسانیوں سے لے کر عملی اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، وزیراعظم پاکستان نے کووڈ کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن بھی کیا اور معیشت بھی چلتی رہی یہ ایک بہترین طرز حکمت عملی ہے جسے دنیا بھر میں سراہا گیا، وزیراعظم نے تعمیراتی شعبہ بند نہیں ہونے دیا،

تعمیراتی شعبے سے جڑے پچاس اور شعبے بھی بند نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کیلیے دور رس اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ گنگا چوٹی سے لیکر تاو بٹ تک سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کیلیے حکومت خصوصی مراعات دے رہی ہے۔انہوں کہا کہ ہمیں اس سب کے ساتھ ساتھ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو یاد رکھنا ہے جو نہتے بھارت کی 9 لاکھ ظالم فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مذموم مقصد کی تکمیل کیلیے گھناونے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس فورم کے ذریعے اقوام متحدہ سے ایک مرتبہ پھر کہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کیلیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا مجھے یقین کامل ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی میں کامیاب ہونگے اور اپنی منزل الحاق پاکستان حاصل کر کے رہیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں