اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پیغام پاکستان کانفرنس، سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری کا خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف و سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ وکلا مظلوم کو انصاف دلا کر اللہ کی خوشنودی حاصل کے قریب ہو جاتے ہیں ،معاشرے میں انصاف کا نظام قائم ہونے سے پائیدار امن قائم ہوتا ہے اور مخلوق خدا اسان زندگی بسر کرتی ہے ،کلمہ کی بنیاد پر وجود آنے والے وطن عزیز کی بنیادوں میں ایک وکیل قائداعظم محمدعلی جناح کی وکالت بھی شامل تھی جنہوں نے ہندو اور انگریز طاقتوں کے جبڑوں سے پاکستان آزاد کرایا۔

اب پاکستان کو سنبھالنے کے لئے وکلا کے کردار کی پھر ضرورت ہے۔ قومی بیانیہ پیغام پاکستان بھی یہی ہے کہ او مل کر پیغام امن و صوفیانہ تعلیمات کو عام کر کے پاکستان کو مضبوط بنائیں اور اس کے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملائیں۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے زیراہتمام پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام کے مقاصد میں معاشرتی و سماجی مساوات اور لوگوں کو مواقع کی بلا امتیاز فراہمی یقینی بنانا بنیادی رہنما اصول ہیں جبکہ انصاف کی فراہمی کے بغیر فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن نہیں ، سائلین کو انصاف فراہمی نظام میں وکلاء کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام میں وکلاء تحریکوں نے قابل تحسین کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری استحکام کا مطلب قانون کی با لادستی اور مضبوط سوسائٹی ہے ، وکلاء برادری نے آئین و قانون کی با لا دستی کے قیام میں بڑی قربانیاں دے کر ایک تاریخ رقم کی جسے فراموش نہیں کیا جاسکتاانہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام بھی ایک وکیل قائداعظمؒ کی قیادت میں ہوا اس کا خواب بھی ایک وکیل علامہ اقبال نے ہی دیکھا۔انہوں نے کہا کہ کہ قانون کی بالادستی قائم کئے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی وہ منزلیں طے نہیں کرسکتا جو پرامن معاشرے کے لئے ضروری ہے۔

ترقی کی منزلیں طے کرتے ہوئے ہمیں ان اقدار کا بھی خیال رکھنا ہوگا جو معاشرے میں ہر پیشے سے وابستہ افراد کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا سبب بنتے ہیں، ایسے میں پڑھے لکھے طبقات خصوصاً وکالت سے وابستہ نوجوانوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ علم کی روشنی سے منور اور قانون سے باخبر وکیل ہی معاشرے کی سمت درست کرنے اور مظلوم کی داد رسی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس تیزی سے دوسرے شعبے اصلاحات متعارف کررہے ہیں ایسے ہی اصلاحات کی قانون سے وابستہ اداروں میں بھی ضروری ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close