اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کوبین الاقوامی فورمز پر اُٹھانےکے لیےموثر حکمت عملی وضع کر نے کے لئے یکجا ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور آزادی کے بیس کیمپ کی سیاسی رہنماؤں کی کانفرنس اور اس میں کیے گے فیصلوں کو آل پارٹیز حریت کانفرنس نے سراہا اور آر پار کی قیادت کے مل جل کر چلنے پر اتفاق کیا اور آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کے مسئلہ کشمیر پر ایک پیج پر ہونے کو خوش آئند قرار دیا۔
ان خیالات کا اظہار آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک تفصیلی نشست میں کیا گیا۔ اس موقع پر حریت کانفرنس کے رہنماؤں میں محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، محمود احمد ساغر، شیخ متین، اعجاز رحمانی، نثار مرزا، عبدالماجدمیراور الطاف حسین وانی شامل تھے، جبکہ اس موقع پر صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزادکشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانے پر زور دیا اور کہاکہ آزادکشمیر کی سیاسی جماعتیں و سینئر سیاسی قیادت ایک ہو چکے ہیں اور گزشتہ دنوں ہونے والی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں ہم نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے واضح عملی اقدامات اُٹھائے ہیں اس سلسلے میں 24فروری کو اسلام آباد میں ایک کشمیر ریلی منعقد کی جائے گی جبکہ بعد ازاں اندرون و بیرون ملک ریلیوں اور کانفرنسز کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا جائے گا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں دنیا کے ہر فورم پر جا کر عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے اس سلسلے میں آزادی کے بیس کیمپ کی سیاسی قیادت کو کشمیر کانفرنس بلا کر اعتماد میں لیا اور پھر میں نے اوورسیز کشمیریوں کی کانفرنس بلائی اور آج میں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے اوراس سلسلے میں بعد ازاں ہم پھر دوبارہ بھی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائیں گے جس میں آزادکشمیر کی سیاسی قیادت سمیت آل پارٹیز حریت کانفرنس اور بیرون ملک کشمیری ڈائسپورہ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں