پونچھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان کے عہدے کی مدت مکمل، سینئر ترین ڈین پروفیسر ڈاکٹر رؤف خان کو قائمقام وائس چانسلر کا چارج دینے کی ہدایت

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) پونچھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان کے عہدے کی مدت مکمل ہونے پر صدر آزاد جموں وکشمیرو چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پونچھ یونیورسٹی کی سینٹ کا اجلاس ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا اور اس پر دیگر ایجنڈے کے علاوہ مختلف پوائنٹس پر بحث کے بعد اس بات کی بھی منظوری دی کہ یونیورسٹی آف پونچھ کے سینئر ترین ڈین پروفیسر ڈاکٹر رؤف خان کو قائمقام وائس چانسلر کا چارج سونپ دیاجائے گا جبکہ اسی اثناء میں یونیورسٹی آف پونچھ کی سرچ کمیٹی نئے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس موقع پر چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سرچ کمیٹی پونچھ یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کام جلدی مکمل کرے تاکہ یونیورسٹی کے مسائل جلد حل کرنے میں مدد مل سکے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سینٹ کمیٹی کے شرکاء نے جامعہ پونچھ کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان کو اُن کے عہدے کی مدت مکمل ہونے پر صدارتی شیلڈ بھی دی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان کی جامعہ پونچھ کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود یونیورسٹی میں بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اُن کی جامعہ پونچھ کے لئے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close