آزاد کشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس، محکمہ صحت عامہ، سماجی بہبود و ترقی نسواں، سیاحت، سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر، ہائیڈل بورڈ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے 10 منصوبے زیر غور لائے گئے

مظفرآباد (پی آئی ڈی ) آزاد کشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال 2021-22کا نواں اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی صدارت میں منعقد ہوا ، اجلاس میں حکومت پاکستان کے نمائندگان نے بذریعہ ویڈیو لنک اور متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میںمحکمہ صحت عامہ ، سماجی بہبود و ترقی نسواں ، سیاحت،سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر، ہائیڈل بورڈ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے 10منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔

جن اہم منصوبہ جات کو زیر غور لایا گیاان میں محکمہ صحت عامہ کے زےر انتظام عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز کے سرجیکل بلاک کی تزین و آرائش کے منصوبہ جات کی مدت تکمیل میں توسیع کا منصوبہ، ضلع میرپور میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ضروری سامان و سہولیات کی فراہمی لاگتی251.231ملین روپے سے ہسپتال کو فعال کیا جائے گا ، محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں کے تحت آزاد کشمیر کی خواتین کے لئے Gender Support سروسز اور محکمہ سیاحت کے تحت ضلع میرپور میں کشمیر ثقافتی میوزئم کا قیام لاگتی70.820ملین روپے کا نظر ثانی منصوبہ زیر غور لایا گیا تاہم فورم نے محکمہ کو ہدایت کی کہ مظفرآباد میوزئم کا منصوبہ بھی ایک ماہ کے اندر مرتب کر کے منظوری کے لئے ارسال کریں۔مزید برآں شعبہ سیاحت کے زیر انتظام سیاحتی مقامات سراں پیر چناسی، گھوڑی مار، کیرن اپر نیلم اور تتہ پانی میں کیمپنگ پاڈ کی تنصیب و آرائش کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے جس سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ شعبہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر کے تحت ڈویژن میرپور اور پونچھ کے دیہی علاقوں میں چھوٹے گراونڈز کی تعمیر و کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی لاگتی245.071ملین روپے کے نظرثانی منصوبے منظور کئے گئے ۔

جس کے تحت پونچھ ڈویژن میں درہ شیر خان کے مقام پر گراونڈکا منصوبہ منظور کیا گیا۔ علاوہ ازیں میرپور ڈویژن میں بنڈالہ بھمبر کے مقام پر نئے گراونڈ کی بھی منظوری دی گئی ۔ مزید براں ضلع مظفرآباد میں خورشید الحسن خورشید فٹبال اسٹیڈیم ، ہاکی سٹیڈیم رالاکوٹ اور سپورٹس اسٹیڈیم بھمبرمیں فلڈ لائٹس کی تنصیب لاگتی78.392ملین روپے کے منصوبہ جات بھی منظور کیئے گئے جن پر عمل درآمد سے ریاست میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت آزاد جموں و کشمیر میںٹیکس مینجمنٹ سسٹم کی آٹومیشن لاگتی61.782ملین روپے کے منصوبہ منظور کیا گیا جس کے تحت ٹیکس گزاروں کو ضروری سہولیات کی دستیابی ا ور ریاست کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close