وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے نیلم میں شاکوٹ گرڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا اٹھمقام میں بڑا پارک تعمیر کرنے اور علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

نیلم (پی آئی ڈی) وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے نیلم میں شاکوٹ گرڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ متاثرین سالخلہ کیلئے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے سترہ مکانات کے افتتاح کے بعد چابیاں متاثرین کے حوالے کیں۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اٹھمقام کے معروف کاروباری مرکز جورا کو نیابت کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے سالخلہ کے مقام پر فرسٹ ایڈ پوسٹ، مڈل اسکول، شاکوٹ کے مقام پر ہائی اسکول اور اٹھمقام میں ایک بڑا پارک تعمیر کرنے کا بھی اعلان کر دیا،

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے استقبالیہ پروگراموں اور تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے نیلم کے عوام نے جو قربانیاں دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ضلع نیلم کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے جوراکونیابت کادرجہ دینے کاجلد نوٹیفکیشن کرینگے۔اہلیان نیلم نے جو محبت دی، کبھی نہیں بھول سکتا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر سمیت ضلع نیلم کی تعمیروترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔سالخہ میں طبی سہولیات کے لیے فرسٹ ایڈ پوسٹ قائم کرینگے اورپرائمری سکول کو مڈل کادرجہ دیتے ہیں۔افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مسلح افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔وزیراعظم نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے ملکی سرحدوں کے محافظ ہیں، شہدائے کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی، نیلم لائن آف کنٹرول سے متصل علاقہ ہے، یہاں کے مسائل کا حل تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

عوامی ضروریات کے پیش نظر جورا میں نیابت کا قیام عمل میں لایا جائے گا،سالخلہ متاثرین کی بحالی کے لیئے حفاظتی بند، مڈل سکول ڈسپنسری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین محسن انسانیت ہیں۔”کورٹ“ نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان بھر میں انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے، ان کی جملہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آزاد حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے گی۔ چیئرمین کورٹ نے نیلم جیسے دور دراز علاقہ کے متاثرین کی بحالی کے لیئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔سالخہ نیلم کے متاثرین میں مکانات کی چابیاں حوالہ کرنے کی تقریب سے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر منصوبہ بندی وترقیات چوہدری محمد رشید، سابق امیدوار اسمبلی راجہ محمد الیاس خان، چیئرمین (KORT) چوہدری محمد اختر نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close