وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ جنگلات و فشریز کا جائزہ اجلاس، فی گھر ایک مرتبہ مفت ایل پی جی سلنڈرز اور چولہے فراہم کیے جائیں گے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ جنگلات و فشریز کا جائزہ اجلاس،اجلاس میں محکمہ کی 6ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے جنگلات کے قریب آباد لوگوں کو آگاہی کے سلسلہ میںفی گھر ایک مرتبہ مفت ایل پی جی سلنڈرزاورچولہے فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں لکڑی جلانے کے بجائے اسکے متبادل گیس استعمال کرنے کی جانب راغب کیا جائے اور جنگلات کے کٹاو کو روکا جا سکے، اس منصوبے پر 200ملین روپے لاگت آئے گی۔

اجلاس میں جنگلات کو آگ سے بچانے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس مہم کے تحت فروری کے آخر اور مارچ کے مہینہ میں سیمینارز اور مختلف علاقوں میں آگاہی واکس کا انعقاد کیا جائے گا اور آزادکشمیر میں ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔جنگلات کے تحفظ کے لیے آمدہ مالی سال میں محکمہ جنگلات کے ریکارڈ اور جنگلات کی اراضی کی کمپیوٹرائز یشن کے لیے 8کروڑ روپے،جنگلات کے قریب آبادیوں کو گیس کی فراہمی کے لیے 20کروڑ، ایکوٹورازم کے لیے 10کروڑ روپے سمیت 60کروڑ روپے مالیت کے 8 نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ آزادکشمیر میں محکمہ جنگلات اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں گزشتہ 6ماہ کے دوران42ملین پودے اگائے گئے ہیں جبکہ آئندہ 6ماہ میں مزید 50ملین پودے اگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 26لاکھ درخت اگائے گئے ہیں جبکہ آئندہ 6ماہ میں 25ملین درخت لگانے کا ہدف مقرر ہے۔

47لاکھ درختوں کی حفاظت کے لیے بلاک پروٹیکشن کی گئی ہے جبکہ مزید 73ملین درختوں کی بلاک پرٹیکشن کا کام جاری ہے محکمہ جنگلات نے ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائیوں کے دوران 3ہزار 574مکعب فٹ لکڑ ی ضبط کی ہے۔جنگلات میں آتشزدگی کے 31واقعات رونما ہوئے جن سے 430ایکڑ روقبہ متاثر ہوا،جنگلات کی زمینوں پر تجاوزات اور قبضہ کو ختم کر کے 602 ایکڑ زمین واگزار کروائی گئی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ جنگلات پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات نے آمدن کے لیے 600ملین کا ٹارگٹ مقرر کر رکھا ہے جس میں سے 174ملین روپے کا ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا ہے اور آئندہ 6ماہ میں بقیہ 426ملین کا ٹارگٹ پورا کر لیا جائے گا جبکہ فشریز کے زیر اہتمام آزادکشمیر بھر میں مچھلی کی افزائش کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فش فارم تعمیر کیے جائیں گے جس سے مقامی آبادی کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ پروٹین کی فراہمی اور پانی و زمین کا درست تصرف بھی ممکن ہو سکے گا۔

جائزہ اجلاس میں وزیرجنگلات،وائلڈ لائف و فشریز محمد اکمل سرگالہ،چیف سیکرٹری شکیل قادر خان،سیکرٹری برائے وزیراعظم سردار ظفر محمود،سیکرٹری جنگلات چوہدری امتیاز سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر میں موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے کے اثرات سے بچنے کے لیے جنگلات کے تحفظ یقنی بنایا جائے۔جنگلات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔لکڑ ی کی سمگلنگ اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے قابل عمل اور موثر حکمت عملی اختیار کی جائے،ماحولیات کے تحفظ کے لیے تجدید جنگلات پر توجہ دی جائے اور شجر کاری کے ساتھ ساتھ شجر پروری کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں ملک کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے بلین ٹری منصوبہ اہمیت کا حامل ہے، اس منصوبہ کی کامیابی کے لیے محکمہ جنگلات اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ شجر کاری اور شجر پروری میں عوام کا اشتراک یقینی بنایا جائے اور محکمہ جنگلات اپنی نرسریوں کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو درختوں کی فراہمی یقینی بنائے اور جنگلات کی بے جا کٹائی کو روکنے کے لیے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں،محکمہ کارکردگی دکھائے حکومت جنگلات کے تحفظ اور شجر کاری و شجر پروری کے لیے محکمہ کو تمام تر وسائل مہیا کرے گی۔

وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ جنگلات کی لیز کے ٹینڈر پراسس کو سو فیصد شفاف بنایا جائے اور لیز ہاء کی ٹینڈرنگ سے قبل ایسے فرض شناس آفیسر کو تعینات کیا جائے جو لیز ہاء کے دوران محکمہ یا ریاست کا نقصان نہ ہونے دے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ میں محکمہ جنگلات آگے آئے اور ایکو ٹورازم کے لیے منصوبہ بندی کرے۔ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت تمام تر وسائل مہیا کرے گی۔بلین ٹری پراجیکٹ اور ایکو ٹور ازم وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہیں ان کی کامیابی کے لئے حکومت آزاد کشمیر تمام تر وسائل مہیا کرے گی۔ وزیر اعظم عمران خان دونوں منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اس لئے ان منصوبوں پر خاص توجہ دی جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close