صدر آزاد کشمیر و چانسلر آزاد کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود کی زیر صدارت پانچوں جامعات کے وائس چانسلرز کی کانفرنس، جامعات کے مسائل، کارکردگی بہتر بنانے کے لئے لائحہ عمل پر غور

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی پانچوں جامعات کے وائس چانسلرز کی کانفرنس کا انعقاد ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اس موقع پر کانفرنس میں پانچوں یونیورسٹیز کو درپیش مسائل اور اُن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے لائحہ عمل طے کرنے پر گفتگو کی گئی۔

کانفرنس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر محمد یونس جاوید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمدرسول جان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر باغ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر لیاقت، سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر آصف حسین اور سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ شریک تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ز نے اپنی اپنی یونیورسٹیز کو درپیش مشکلات اور مسائل سے صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جامعات کو درپیش مسائل و مشکلات اور اُن کے حل کے لئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی سربراہی میں یونیورسٹیز کی ایک کمیٹی قائم کر دی جس میں پانچوں جامعات کے وائس چانسلرز، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری صدارتی امور اس کمیٹی کے ممبران ہونگے،

جو کہ ایک ماہ کے اندر چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی تاکہ تمام تر توجہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر مرکوز کی جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہماری تمام ترتوانائیاں ریاست میں نظام تعلیم کو بہتر بنانے پرصرف ہونی چاہیں۔ لہذا آپ لوگ اپنی تمام تر توجہ آزادکشمیر کی جامعات میں معیار تعلیم کی بہتری پر مرکوز کریں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close