وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا بجٹ اجلاس، محکمہ اوقاف کے لیے 39 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا بجٹ اجلاس۔۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف کے میزانیہ 2021-22کے لیے 390.36ملین روپے کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے بجٹ اجلاس کے دوران محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مستحقین کی مالی اعانت کے لیے مختص 3ملین روپے کے بجٹ کو بڑھا کر 5ملین روپے کر دیا ہے، محکمہ اوقاف کے بجٹ اجلاس میں اوقاف کی آمدن پر ٹیکس ختم کرنے اور مظفرآباد میں 315ملین روپے کی لاگت سے اوقاف کمپلیکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ اوقاف کی جملہ اراضی واگزار کرانے کا بھی فیصلہ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اوقاف کی اراضی سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی ہے کہ سائیں سہیلی سرکار سمیت دیگر مزارات پر دن اور رات کے کھانے کے ساتھ ناشتے کا بھی اہتمام کیا جائے اور طہارت خانے تعمیر کیے جائیں۔بدھ کے روز وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدارت میں منعقدہ محکمہ اوقاف کے بجٹ اجلاس میں معاون خصوصی اوقاف حافظ حامد رضا،چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان،پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم سردار ظفر محمود،سیکرٹری اوقاف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ اوقاف کی طرف سے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ آزادکشمیر میں محکمہ اوقاف کی کل اراضی 3ہزار 95کنال ہے جس میں سے 1800کنال زمین محکمہ اوقاف کی تحویل میں ہے جبکہ 1295کنال اراضی مختلف سرکاری محکموں اور دیگر افراد کے قبضے میں ہے، اجلاس کو اوقاف کمپلیکس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اوقاف کمپلیکس مظفرآباد پر 315ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں دینی تعلیمات کے فروغ کے لیے مدرسہ،جدید سہولتوں سے مزین مسافر خانہ،دکانیں،محکمہ اوقاف کے دفاتر،قوالی ہال اور محکمہ اوقاف کے لیے سٹور تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو محکمہ اوقاف کے جاریہ اور نئے منصوبوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی اراضی سے متعلق مفصل تفصیلات پیش کی جائیں، محکمہ اوقاف کے اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جملہ دربار پر زائرین کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مزارات پر زائرین کو رہائش اور کھانے کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، اوقاف جن مقاصد کے لیے قائم کیا گیا ہے انہیں بہر صورت پورا کیا جائے گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر اولیاء کی سرزمین ہے اور اولیاء کے مزارات ہدایت کا ذریعہ ہیں، آزادکشمیر میں مختلف مزارات پر ملک بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد حاضری دیتی ہے۔مزارات پر حاضری دینے والے زائرین کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،حکومت اوقاف کی آمدن کا فلاحی اور دینی مقاصد کے لیے استعمال یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے اوقاف کی آمدن سے مستحقین کی اعانت کے لیے بجٹ میں اضافہ کر دیا ہے۔آئندہ مالی سال کے دوران اوقاف کے ترقیاتی بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا تاکہ محکمہ کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ مزارات پر آنے والے زائرین کو بھی معیاری سہولیات مہیاہو سکیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close