اسلام آباد میں 24 فروری کو کشمیر ریلی نکالنے کا اعلان، ڈی چوک پر ریلی سے کشمیری زعماء خطاب کریں گے

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اسلام آباد میں 24فروری بروز جمعرات کو کشمیر ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان گزشتہ دنوں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں اور بعد ازاں آزادکشمیر کی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

یہ ریلی 24فروری بروز جمعرات دن 11بجے اسلام آباد پریس کلب سے شروع ہو گی جہاں سے یہ ریلی ڈی چوک تک جائے گی جہاں پر ریلی کے شرکاء سے کشمیری زعماء خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ 30جنوری کو آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں مختلف فیصلےہوئے تھے جس میں اسلام آباد، مظفرآباد، لندن، برسلز، نیو یارک کشمیری قیادت ریلیوں میں شرکت کرے گی جبکہ لندن میں بڑے مظاہرے سمیت انٹرنیشنل کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ اسی طرح اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ریلی منعقد کی جائے گی جس میں تمام کشمیری قیادت شریک ہو گی اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو ہم ایک واضح پیغام دیں گے اور بھارت اس وقت جو مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کے حوالے سے سازشیں کر رہا ہے انہیں ناکام بنا دیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں یہ بھی فیصلہ ہوا تھا کہ انٹرنیشنل میڈیا ہاؤسز، مختلف ممالک کی پارلیمنٹس، ممبران پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس سے مل کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی پر بریفنگ دی جائے گی اور بھارتی چالوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ اسی طرح بیرون ملک مقیم کشمیری ڈائسپورہ کو مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرنے کے لئے متحرک کیا جائے گا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close