مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے مہاجرین حلقوں سے تعلق رکھنے والے وزراء و ایم ایل ایز کی ملاقات، ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض گجر، وزیر خزانہ عبد الماجد، وزیر جنگلات اکمل سرگالہ، مشیر حکومت چوہدری مقبول، مشیر حکومت اکبر ابراہیم، معاون خصوصی حافظ حامد رضا، ممبر قانون ساز اسمبلی دیوان محی الدین، ممبر اسمبلی عاصم بٹ شامل تھے، اس موقع پر وزیر بلدیات خواجہ فاروق بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان میں مقیم مہاجرین کشمیر کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مہاجرین کے مسائل وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سامنے رکھے جائیں گے، خاص طور رہائشی کالونیوں اور قبرستانوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی مہاجرین ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے بڑی خدمات ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، مختلف صوبوں میں مقیم مہاجرین کی آبادکاری، روزگار کی فراہمی، مہاجرین کیلئے مختص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مہاجرین ہمارے جسم کا حصہ ہیں، انہیں مایوس نہیں ہونے دیں گے، پاکستان میں مقیم مہاجرین کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ رہائشی کالونیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت آزاد کشمیر اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ مہاجرین کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے وہ خود وفاقی و صوبائی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرکے مسائل پر ٹھوس پیش رفت کرائیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مہاجرین مقیم پاکستانی کیلئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص ہے، حکومت آزاد کشمیر اس مختص شدہ کوٹے پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائے گی تاکہ مہاجرین بھی آزاد خطہ کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مہاجرین کشمیر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، مہاجرین مقیم پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین کی آبادکاری کیلئے حکومت آزاد کشمیر کی تجویز پر ایک میگا پروجیکٹ کی وزیراعظم پاکستان عمران خان منظوری دے چکے ہیں جس کا جلد سنگ بنیاد رکھ دیا جائے، اس منصوبے کے تحت 1300 مہاجروں خاندانوں کو مکانات تعمیر کر کے دیے جائیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں