بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبا دی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیےمسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، صدر آزاد کشمیر کایادگار شہداء تقریب سے خطاب

مظفر آباد ( پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج 5فروری کے دن پوری دنیا میں پاکستانی اور کشمیری مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔ اگرچہ ہر سال کی طرح آج کے دن دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیمیں اور آزادی پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم اور محصور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ لیکن اس دفعہ ہمیں اس لیے بھی زیادہ بھرپور انداز میں یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ہاتھوں گزشتہ 74 سالوں سے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ کرفیو کا نفاذ اور ذرائع ابلاغ کی بندش کے علاوہ آزادی کی حامل تمام سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے۔ سید علی گیلانی اور اشرف صحرائی ہندوستانی افواج کے محاصرے میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اور انکے لواحقین کو نماز جنازہ میں شرکت سے بھی روک دیا گیا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے تاکہ آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا سکے۔

5 اگست 2019 کو بھارت نے آرٹیکل 370اور 35A کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو عملاً جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارت 42لاکھ جعلی ڈومیسائل جاری کرنے کے علاوہ مسلم نسل کشی اور مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیری ہندوؤں اور ہندوستانی افواج کو آباد کر کے مسلم آبادی کے تناسب کو کم کرنے میں مشغول ہے۔ ہم بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے ان جملہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں مظفرآباد میں شہداء کشمیر کی یادگار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر گزشتہ دنوں کل جماعتی کشمیر کانفرنس کے ذریعے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو اکٹھا کیا اور ان کے ساتھ مشاورت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی۔

اب وقت آ گیا ہے کہ ہم مل کر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ ہندوستان اپنے ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اس صورت حال میں آزاد کشمیر حکومت، عوام اور بالخصوص الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کے مکرو فریب اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرے۔ آج کے دن ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ریاستی آزادی کے بیس کیمپ سے بھارتی مقبوضہ علاقوں کی آزادی تک بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تمام ممالک میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے افراد اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔

عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں استصواب رائے کا حق دے۔ آخر میں صدر ریاست نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں آزاد کشمیر کے عوام اور بیرون ملک آباد کشمیریوں کی طرف سے بھرپور حمایت و یکجہتی کا یقین دلاتا ہوں کہ ہم کشمیر کی آزادی کے لیے تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close