ریاست جموں وکشمیر کی وحدت اور شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا یادگار شہداء کی افتتاحی تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کی وحدت اور شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ رشتے کو کسی بھی قیمت پر کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ آزادی کے مطالبے کی قیمت کشمیریوں نے اپنا خون دے کر چکائی ہے۔ بہت سے گمنام آزادی کے حصول میں جانیں گنوا بیٹھے مگر اللہ تعالیٰ کے وعدے کے مطابق وہ زندہ ہیں کیونکہ شہید کبھی مرتا نہیں۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتیں۔

ان کی قربانیوں اور جذبے کو یاد رکھتی ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر تو گزشتہ تیس برسوں سے جنگ کبھی رکی نہیں۔ ایل او سی پر بسنے والا ہر شہری غازی ہے۔ ایل او سی والے اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایل او سی پر کوئی گھر ایسا نہیں جو گولیوں سے چھلنی نہ ہوا ہو۔ ہر ایک کلو میڑ کے بعد فوجی جوانوں اور سویلین کی جائے شہادت کے چبوتروں پر پتھر نصب ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد یادگار شہدا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف الرحمان علوی ، صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تختی کی نقاب کشائی کر کے یاد گار شہدا ءکا باقاعدہ افتتاع کیا۔تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے چپے چپے پر شہداءکی جانی اور مالی قربانیوں کی داستانیں بکھری ہوئی ہیں۔

ہم انشاءاللہ آزادکشمیر میں ایسے میوزیم بنائیں گے جہاں ان تمام واقعات کو جمع کیا جائے گا جن کا تعلق کشمیر کی تحریک آزاد ی سے ہے۔ ان تمام ہیروز کی کہانیاں لکھی جائیں گی جنہوں نے اپنا کل ہمارے آج کی خاطر قربان کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں ،پاکستان ہمارا ہے“ نے جدوجہدآزادی کشمیرکو نئی طاقت دی۔ یقین دلاتا ہوں کہ جدوجہد آزادی کو کسی بھی قیمت پر ٹھنڈا نہیں پڑنے دیں گے۔ بھارت کا ڈٹ کر پہلے بھی مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close