مظفرآباد(پی آئی ڈی ) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردرادا کریگی۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پاکستان سے امید ہے، انشاء اللہ پاکستان ان کی امیدوں پرپورا اترے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان سے عقیدت رکھتے ہیں، یوبے مثال اظہار یکجہتی پر کشمیر کا بچہ بچہ پاکستانی بھائیوں کا شکرگزار ہے۔
صدر پاکستان اور آرمی چیف کا یہاں آنا لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کشمیریوں کیلئے بڑا پیغام ہے۔ افغانستان سے روس،امریکہ اور نیٹو نکل سکتے ہیں تو ہندوستان مقبوضہ کشمیر سے کیو ں نہیں نکل سکتا۔ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی نئی نسل شامل ہو چکی جس میں ڈاکٹر انجینئرز اور پڑھے لکھے نوجوان قربانیاں دے رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا۔
انہوں نے کہاکہ پانچ اگست2019کے اقدام کے بعد ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کررہا ہے۔ سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کرنے پر صدر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔جب پاکستان ٹیم جیتتی ہے تو جشن سرینگر میں منایا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کیلئے جعلی ڈومیسائل دیے جارہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جارحانہ پالیسی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے ہندوستان ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ہندوستان پر دباؤ بڑھایا جائے۔ سینئر وزیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ کمٹمنٹ ہے۔ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں۔ پاکستان اس وقت تک ادھورا ہے جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب توجہ دینی ہوگی۔ ہندوتوا کا نظریہ نہیں چل سکتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اندر اور باہر سے پاکستانی ہیں۔ حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان ہماری منزل ہے، مقبوضہ کشمیر میں دنیا کا طویل ترین لاک ڈاؤن ہے۔ نو لاکھ ہندوستانی فوج نے کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، وہ اپنے شہیدوں کے جنازے پاکستانی پرچم میں دفناتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خا ن نے کہاکہ کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان کو عالمی سطح پر آمادہ کیا جائے کہ وہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دے۔ سابق سپیکر شاہ غلام قادر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ حریت کو گھر میں نظر بند کیا گیاہے، آئے روز نوجوانوں کو اٹھا کر اغوا کر لیا جاتا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انکا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے ہندوستان پر دباؤ بڑھایا جائے۔ جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار حسن ابراہیم خان نے کہاکہ ہمارے لیے اول اور آخر پاکستان ہے۔
کشمیرکی شناخت اور تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ ہندوستان پانچ اگست کے اقدام کے بعد ڈیموگرافک تبدیلیو ں کیلئے جعلی ڈومیسائل جاری کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں معاون خصوصی برائے اوقاف و مذہبی امور حافظ حامد رضا نے تحریک آزادی کشمیر کے شہداء، شہدائے پاکستان، پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے ایوان میں دعا کروائی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں