مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے کشمیری عوام پر مظالم کی انتہا کر دی ہے، دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، صدرآزاد کشمیر کا یوم یکجہتی کے موقع پر پیغام

مظفر آباد ( پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج 5فروری کا دن مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منایا جا رہا ہے۔ اگرچہ ہم پہلے بھی مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن اس دفعہ ہمیں اس لیے بھی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے کشمیری عوام پر مظالم کی انتہا کر دی ہے جس کے لیے ہمیں عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کو رکوانے کے لیے آواز بلند کرنی ہو گی۔

اس سلسلے میں ہم آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ آج کے دن اندرون اور بیرون ملک پوری دنیا میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر گزشتہ 30سال سے حالت جنگ میں ہے خاص کر 5اگست 2019 کو 370اور 35A کو ختم کر کے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذموم کوشش کی جس پر پوری دنیا میں مقیم کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال سے مقبوضہ کشمیر میں عوام کے لیے عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے اور قابض افواج پبلک سیفٹی ایکٹ، آرمڈ سروسز ایکٹ، غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے قانون، گیراؤ اور تلاشی کے آپریشنز اور نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے قتل عام، تشدد، گرفتاریاں، جعلی مقابلے، خوفزدہ کرنے، خواتین کی عصمت دریوں، مکانوں اور دکانوں کو تباہ کرنے جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کو کئی سالوں سے بغیر کسی جرم کے قید میں رکھا گیا ہے۔

اسی طرح ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے سنگین سازش بھی کر رہا ہے جس کے تحت بیالیس لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے ہیں جو کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم سازش ہے۔ لہذا مسئلہ کشمیر کے اس اہم موڑ پر ہم سب کو متحد ہو کر اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔ میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو ان کی عظیم جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور آج 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ان کی اس جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close