مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کو آرڈینیٹر برائے پاکستان مسٹر جولین ہارنیس اور ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رولے کی قیادت میں وفد کی ملاقات،ملاقات میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک 2023-27پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری شکیل قادر خان و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ پروگرام کا مقصد غربت و بھوک کا خاتمہ،صحت،تعلیم،پینے کے صاف پانی کی فراہمی،صفائی و ستھرائی کے نظام میں بہتری،صنفی مساوات،جدت طرازی کا فروغ،باوقار روز گار کی فراہمی،ماحولیاتی پائیداری،ادارہ جاتی استحکام سرفہرست ہیں۔
اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے حکومت آرادکشمیر اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔موجودہ حکومت آزادخطہ کے اندر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے آزادکشمیر ملک کا سب سے ترقی یافتہ خطہ ہے یہاں شرح خواندگی 77فیصد ہے یہ خطہ 21برسوں سے پولیو فری ہے اور اس کا ایچ ڈی آئی پاکستان کے باقی حصوں سے آگے ہے۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر کو ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے۔ماضی میں موثر منصوبہ بندی نہ کیے جانے کے باعث بے پناہ ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں ان مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے اپ سٹریم سرمایہ کاری اور اقدامات کی ضرورت ہے۔دریاؤں کا قدرتی رخ تبدیل ہونے سے ماحولیاتی مسائل میں مزید اضافہ ہو گا۔ان مسائل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
دریاؤں کے رخ کی تبدیلی سے جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کے تدارک کے لیے حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے اور ان منصوبوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔یہ رپورٹ وزیراعظم پاکستان کو پیش کی جائے گی تاکہ ماحولیاتی مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کو آرڈینیٹر برائے پاکستان مسٹر جولین ہارینس نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی ادارے حکومت آزادکشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے آزادخطہ کے اندر صحت،تعلیم،غذائیت،سماجی تحفظ،صنفی مساوات،خواتین کو با اختیار بنانے،موسمیاتی تبدیلی،پائیدار و جامع اقتصادی ترقی اور گورننس کی بہتری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں