اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے مختلف اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ ہوا تھا اس لئے میں بیرون ملک کشمیریوں سے کہوں گا کہ وہ متحرک ہو جائیں اور بیرون ملک مظاہروں، اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے رابطوں سمیت دیگر اقدامات اُٹھائیں اور ان میں ساری کشمیری قیادت اکٹھی ہو کر شریک ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اوورسیز کشمیریوں کے نمائندوں کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اوورسیز کشمیریوں کی کانفرنس میں چوہدری خادم برمنگھم، چوہدری دلپذیر لندن، ضیاء گورسی نوٹنگھم، چوہدری اکرم بریڈفورڈ، سردار ذوالفقار واشنگٹن، چوہدری ظہور نیویارک،سردار صابر نیویارک، غزالہ حبیب ٹیکساس، چوہدری عمران رشید پیرس اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بیرون ملک کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اوورسیز کشمیری آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا اہم اور موثر کردار ادا کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ لہذا اس سلسلے میں تارکین وطن اپنا اہم رول ادا کرتے ہوئے اپنے اپنے ممالک میں مظاہروں، ریلیوں سمیت وہاں کے ممبران پارلیمنٹس سے ملاقاتیں کر کے وہاں کی پارلیمنٹس اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے لابنگ کریں اور دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں۔
اس سلسلے میں آپ لوگ اپنے اپنے ممالک میں کشمیری ڈائسپورہ کو متحرک کر کے اپنا کردار ادا کریں تاکہ عالمی برادری تک مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اورمسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کا موقف جارحانہ انداز میں پہنچایا جا سکے۔ اس موقع پر اوورسیز کانفرنس کے شرکاء نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں تمام اقدامات اُٹھانے کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں