وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت محکمہ تعمیرات عامہ و مواصلات کا جائزہ اجلاس،شاہرات کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے 200ملین روپے فوری جاری کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی کی زیر صدارت محکمہ تعمیرات عامہ و مواصلات کا جائزہ اجلاس۔حادثات کی روک تھام کیلئے روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے، روڈ انفراسٹرکچر کوبہتر بنانے،برق رفتار ترقی کیلئے اچھی شہرت کی حامل کنسلٹنٹ کی خدمات لینے،ای ٹینڈرنگ کو بہر صورت یقینی بنانے اوربارشوں اور برفباری کے دوران شاہرات کو بحال رکھنے کیلئے جدید مشینری خریدنے، شاہرات کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے 200ملین روپے فوری جاری کرنے کا فیصلہ۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آزادکشمیر بھر میں 160مقامات ایسے ہیں

جہاں روڈ سیفٹی نہ ہونے کی وجہ سے حادثات پیش آنے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ ان مقامات پر سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اس منصوبے کا پی سی ون تیار کر لیا گیا جس کی متعلقہ فورمز سے منظور ی لیکر جلد کام شروع کر دیا جائیگا۔وزیراعظم آزادکشمیر کو کشمیر ہائی وے کے حوالے سے بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ 20فروری تیار کر لی جائیگی جبکہ فزیبلٹی رپورٹ اپریل کے آخر تک مکمل ہوگی جس کے بعد اس منصوبے کا پی سی ون مئی کے آخر تک مکمل کرلیا جائیگا۔ اجلاس میں نیو کشمیر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالہ سے بتا یا گیا کہ اس منصوبے کیلئے14ارب90کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت 20کلو میٹر فی حلقہ سڑکیں دی جائیگی جن کے پی سی ون تیار ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیو کشمیر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے تمام کام20فروری تک مکمل کر کے متعلقہ فورم سے منظور ی حاصل کی جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 313کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے جن میں دودھنیال شاردہ16کلو میٹرروڈ، جنڈالہ پیر گلی 9کلو میٹر روڈاور جاتلاں علی بیگ4کلو میٹر روڈ بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری ورکس و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی اور بالخصوص سیاحت کے فروغ کیلئے بہترین روڈ انفراسٹرکچر ناگزیرہے۔روڈ انفراسٹرکچر بہترین ہوگا تو یہاں پر سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے شاہرات کا بہتر ہونا ضروری ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر کی تمام شاہرات کی اپ گریڈیشن وبہتری کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ محکمہ شاہرات نے گزشتہ دو ماہ سے تیز رفتاری سے کام کیا ہے اس کو مزید بہتر کیاجائے۔ کام کی رفتار اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ جب منصوبے بروقت مکمل نہیں ہوتے تو ان کی لاگت بڑھ جاتی ہے جس کاریاستی خزانے پر بوجھ بڑھتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ مقررہ مدت کے اندر ہی منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے مرحلے میں شاہرات کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کیا ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے کشادہ دلی سے فنڈز مہیا کیے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان غریب پرور انسان ہیں،ان سے جب بھی ملاقات ہوئی تو انہوں نے ہمیشہ غریب اورمتوسط طبقے کی خوشحالی کی بات کی اور نچلے طبقے کو ریلیف دینے اور اسے اوپر لانے پر زور دیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مجھے ترقیاتی منصوبوں کے نتائج چاہیں،ترقیاتی منصوبوں کی پراگرس سے آگاہ رکھا جائے، ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آنے چاہیں۔

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی سستی، لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ روڈ سیفٹی کو بہر صورت یقینی بنایا جائے۔ شاہرات کی تعمیر کے بعد انکی مینٹننس کا بھی خیال رکھا جائے اور اس حوالے سے شاہرات کے عملے کو پابند کیا جائے۔ قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا کہ گزشتہ بارشوں اور برفباری کے دوران محکمہ شاہرات دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ شاہرات کو بحال رکھنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل رہا۔شدید برفباری والے علاقوں میں بحالی کے کاموں میں تعطل آیا تاہم مجموعی طور پر صورتحال بہتر رہی۔ اس وقت آزادکشمیر کی تمام شاہرات بحال کر دی گئی ہیں تاہم ضلع حویلی میں علی آباد حاجی پیر بھیڈی روڈپر برف بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی میں زیادہ وقت لگ رہا جبکہ محکمہ شاہرات کا عملہ مسلسل اس شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے گزشتہ بارشوں اور برفباری کے دوران بہترین کام پر وزیر مواصلات، سیکرٹری سمیت تمام متعلقین کی ستائش کی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close