مظفرآباد (پی آئی ڈی) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل و چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدارآمد کمیشن راجہ منصور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار کو عام آدمی تک پہنچانا چاہتی ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ کھاوڑہ کے عوام مقامی ترقی کے لیے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔ایک مشن لیکر سیاست میں آیا ہوں،جھنڈی یا پروٹوکول کے لیے نہیں۔ عام آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی و خوشحالی میرا مشن ہے۔
ہار ہو یا جیت مشن کی تکمیل تک اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ کھاوڑہ میں لوگوں کی جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کھاوڑہ میں مستقبل صرف پی ٹی آئی کا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھاوڑہ یوسی ڈنہ وارڈ ستناڑاہ دچھہ کے دورہ کے دوران اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ منصور خان نے کہا کہ محسن کشمیر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام اور خطے کی فلاح و بہبود کیلیے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی حکومت انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں تمام علاقوں میں بلا تخصیص تعمیر و ترقی ہو گی اور آزاد کشمیر کا کوئی علاقہ پسماندہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دفتر میں آج تک کسی سے یہ نہیں پوچھا کے وہ کس جماعت سے ہے، ہمیں آزاد خطہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی مقصود، اور بلا تخصیص عوامی مسائل کو حل کرنا ہے چاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مستقبل پی ٹی آئی کا ہے اور آزادکشمیر میں بھی وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں حکومت لوگوں کی طرز زندگی کو بہتر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ پی ٹی آئی حکومت کے چند ماہ کے اقدامات سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے سفیر کشمیر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ویژن کو ووٹ دیا، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے دوسری جماعتوں کو خیرآباد کر کے راجہ منصور خان کی قیادت میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزاد کشمیر راجہ منصور خان نے استقبالیہ تقاریب کے منتظمین راجہ یاسر اقبال، محمود الحسن قریشی، راجہ ظہیر خان، راجہ تاثیر اور دیگر کو تقاریب کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کارکنوں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے تیاری کریں، عام انتخابات کی طرح پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن میں بھی بھاری اکثریت کامیاب ہو گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں