اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں پائیدار ترقی کے لیے میگا منصوبے شروع کرچکے ہیں جو خطے کا معاشی اور سماجی نقشہ تبدیل کردیں گے، وفاقی حکومت کی جانب سے لوہار گلی ٹنل اور 25کلو میٹر بائی پاس روڈ منصوبہ جات کی منظوری ہوچکی ہے جو پانچ سو ارب کے میگا منصوبے کا حصہ ہے۔ لوہار گلی ٹنل کی تعمیر سے مظفرآباد ڈویژن کا سفر آسان ہوجائے گاجس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں تعمیر وترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر دلاور خان، سینیٹر احمد خان اور مختلف وفود کے ساتھ گفتگو میں کیا ہے۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پانچ سو ارب کے معاشی اور ترقیاتی پیکیج کے منصوبوں پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔ میگا منصوبوں کی تکمیل سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ لوہار گلی ٹنل کی تکمیل سے خیبر پختون خوا کے سیاحوں کے لیے بھی مظفرآباد کا راستہ کھل جائے گا۔ اس طرح کاروبار اور تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ انشا ء اللہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران تمام بڑے شہروں اور ہر ضلع میں بڑے منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیاں مکمل ہوجائیں گی۔ کسی بھی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ آزادکشمیر کا ہر ضلع اور علاقہ مجھے عزیز ہے اور کسی کے ساتھ غیر مساویانہ سلوک نہیں ہوگا بلکہ جو علاقے پسماندہ رہ گئے ان کی ترقی کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ لوہار گلی ٹنل کے ساتھ ہی 25کلو میٹر بائی پاس روڈ جو مظفرآباد کے دو حلقوں کے سیاحتی مقام سے گزرے گی۔ جس سے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ عوام کو سفر کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی اور عام شہریوں کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایت کی کہ آزادکشمیر میں فاسٹ ٹریک ترقی کی جائے اسی لیے میری ساری توجہ آزادکشمیر میں انفراسڑکچر کی بہتری، صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں بہتری لانے پر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں روزانہ پندرہ پندرہ گھنٹے کام کرتاہوں تاکہ سات دہاہیوں کی پسماندگی اور معاشی محرومیوں کو دور کیا جاسکے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں