محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کے زیر اہتمام کرونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل جاری

مظفرآباد (پی آئی ڈی) محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کے زیر اہتمام کرونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل جاری۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ فیاض علی عباسی کی ہدایت پر جمعہ کے روز سیکرٹریٹ پی پی ایچ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں بوسٹر ڈوز ویکسی نیشن کیمپ لگایا گیا۔ سیکرٹریٹ پی پی ایچ میں ایڈیشنل سیکرٹری سبین ناز گیلانی اور ایڈیشنل سیکرٹری پلانننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری محمد بشیر نے اپنی نگرانی میں سیکرٹریٹ پی پی ایچ اور پی اینڈ ڈی کے ملازمین کی بوسٹر ڈوزویکسی نیشن کروائی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید اعوان اور ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر ویکسی نیشن پراسس شفق ملک نے بوسٹر ڈوز ویکسی نیشن عمل کی خود نگرانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایچ او مظفرآباد ڈاکٹر سعید اعوان اور ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر شفق ملک نے کہا کہ کرونا وبا سے بچاؤ کا واحد طریقہ احتیاط اور اس کے بعد ویکسی نیشن ہے۔ماہرین کی تحقیق کیمطابق ویکسینینٹڈ افراد اس وبا کے مہلک اثرات سے محفوظ رہتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کروائیں تاکہ ہم اس مہلک وباء سے اپنی زندگیوں کو محفوظ رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کرونا کے پھیلاؤ کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ کرونا ویکسی نیشن کے بعد بوسٹر ڈوز اس وبا سے بچاؤ کے لیے انتہائی مفید ہے۔

انہوں نے کہاکہ تمام محکمہ جات محکمہ صحت کی موبائل ٹیم سے رابطہ کرتے ہوئے اپنے اپنے آفس کے تمام ملازمین کو بوسٹر ڈوز لگوانے کا پابند بنائیں تاکہ اس مہلک وائرس پر قابو پایا جا سکے۔ محکمہ صحت عامہ کی ٹیم تمام دفاتر میں جا کر بوسٹر ڈوز لگائے گی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ویکسی نیشن کا عمل مکمل کروائیں تاکہ اس وائرس پر قابو پایا جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close