تحصیل سہنسہ میں ایک ارب 15 کروڑکے بجلی و پانی کے ترقیاتی منصوبے، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے سنگ بنیاد رکھ دیا

کوٹلی سہنسہ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے تحصیل سہنسہ میں ایک ارب 15 کروڑ روپے سے زائدمالیت کے بجلی و پانی کے ترقیاتی منصوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وزیر مال چوہدری اخلاق احمد،وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک ،وزیر برقیات چوہدری ارشد،وزیر تعمیرات اظہر صادق ،ممبر کشمیرکونسل سردار عبدالرزاق ،سیکرٹری برقیات چوہدری محمد طیب ،کمشنر میرپور ڈویڑن چوہدری محمد رقیب ،،چیف انجینئر سعید گیلانی ،چیف انجنئیر مظفرآباد چوہدری ظفر ،چیف انجنئیر میرپور نواز عباسی بھی موجود تھے۔

بدھ کے روز اپنے دورہ کوٹلی کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر نے سہنسہ بٹلی چوک میں 50 کروڑ 26 لاکھ روپے مالیت کی واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھا اس سکیم کی تکمیل سے تحصیل سہنسہ میں پانی قلت کے مسئلے پر قابو پا لیا جائے گا اور عوام علاقہ کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہو گا۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے 132کے وی کےگرڈ اسٹیشن اور 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔

اس منصوبے پر 64 کروڑ 55 لاکھ 48 ہزار روپےلاگت آئے گی یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہو گا،اس منصوبہ سے بجلی کے کم وولٹیج پر قابو اور لوڈ منیجمنٹ کرنے میں آسانی پیدا ہو گی۔ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا وہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا واٹر سپلائی سکیم تین کی بجائے دو سال اور گرڈ سٹیشن تین سال کی بجائے ڈیڑھ سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گا۔

انہوں نے کہا ہم صرف اعلانات نہیں بلکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کریں گے۔ آزاد کشمیر کو عملی ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ وفاقی حکومت کی مدد سے مزیدعوامی منصوبے شروع کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنائیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close