مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جمہوریت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب سے بڑا فراڈ ہے۔جمہوریت کےدعویدار ہندوستان کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔گزشتہ سات دھائیوں سے ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری طریقہ کار اپناتے ہوئے ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین صریحاً جمہوری اقدار کیخلاف ہیں۔ 5اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا کیا وہ جمہوری ملک کرتاہے؟تحریک آزادی کشمیر ایشیاکے امن کی تحریک ہے۔ہندوستان میں اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ ہندوستان میں رہنے والی اقلیتیں انتہاء پسندانہ حکمرانوں سے خوفزدہ ہیں۔ہندوستان نے جس دن سے یوم جمہوریہ مناناشروع کیا اس دن سے ہمارا یوم سیاہ ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر 5اگست2019کے بعد فوجی چھاونی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ہندوستان کا 5اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کوبری طرح پامال کیا۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان لاکھوں شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے گر م لہو سے شمع تحریک کو ہر آن تابندہ اور روبہ مستقبل رکھا اور کٹھن حالات و مشکلات کے باوجود جوش حریت کو سرد نہیں ہونے دیا۔
کشمیری کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں اور نہ کبھی ہو سکتا ہے۔تحریک آزادی کیلئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنے والے تمام ممالک، اداروں اور تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادو ں کے مطابق اپنا بنیادی حق حق ارادیت چاہتے ہیں جس کے لیے لہو کے آخری قطرے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں