آزاد جموں کشمیر کونسل کا انتخاب ،وزیر عظم سردار عبدالقیوم نیا زی کی حکمت عملی کی وزراء کی طرف سے تعریف

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی، وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، وزیرتعلیم دیوان علی خان چغتائی اور معاون خصوصی حافظ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کمال سیاسی حکمت عملی، کشمیر کونسل کے انتخابات میں جماعت کو متحد رکھ رکھتے ہوئے سردار محمد سیاب خالد کو ممبر کشمیر کونسل منتخب کروا کر قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔تحریک انصاف آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے انتخاب پر فخر ہے،

انہوں نے حقیقی سیاسی کارکن کو آزادکشمیر کا وزیراعظم بنایا اور سردارعبدالقیوم نیازی نے آج اپنی فہم و فراست سے حقیقی سیاسی کارکن کو ممبر کشمیر کونسل منتخب کروا کرقائدانہ فیصلہ کیا۔ اپنے ایک بیان میں وزراء حکومت نے کہاکہ آزادکشمیر میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی متحد ومنظم ہے اورآج تمام حکومتی اراکین نے وزیراعظم کے فیصلے پر سرتسلیم خم کرتے ہوئے اس پر مہر ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں آزادکشمیر میں تعمیرو ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وزراء حکومت نے کہاکہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، تمام حکومتی اراکین کا متفقہ فیصلہ وہی ہوتا ہے جو وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کرتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں