وزیراعظم آزاد کشمیر عمرہ کی سعادت حاصل کر کے وطن واپس پہنچ گئے، ائرپورٹ پر پرتپاک استقبال

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال، پھول نچھاور، ہزاروں افراد نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو ویلکم کیا اور عمرہ کی مبارکباد دی، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو جلوس کی شکل میں جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد لایا گیا،

ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض گجر، وزراء حکومت ظفر ملک، حافظ حامد رضا، محمد اقبال، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ، تحریک انصاف آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری وچیئرمین معائنہ عملدرآمد کمیشن راجہ منصور، سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹر نازیہ نیاز، ملک یوسف، چیئرمین زکوٰۃ کونسل پیر سید عارف شاہ گیلانی، چیئرمین مظفرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اظہر گیلانی، ڈی جی ایم ڈی اے عمران خالد، چیئرمین کوٹلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محبوب چوہدری، چیئرمین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ارشد نیازی، نیلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین صداقت شاہ، ڈی جی لبریشن سیل ارشاد محمود، ڈی جی کلچر اکیڈمی ڈاکٹر عرفان، ڈی جی وزیراعظم برائے سیاسی امور محسن علی اعوان،اے کے این ایس کے صدر سردار زاہد تبسم،رہنما تحریک انصاف آزاد کشمیر حافظ بشارت جذبی ، راجہ شجاعت سمیت تحریک انصاف کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کارکنان سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ سعودی عرب نجی تھا لیکن سعودی حکومت نے شاہی مہمان کا درجہ دیکر جو پروٹوکول دیا اس نے اس کی اہمیت کو بڑھا دیا، یہ پروٹوکول مجھے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو دیا گیا جس پر میں سعودی حکومت کا مشکور ہوں، حجاز مقدس پر حاضری اور عمرہ ادائیگی کے دوران خصوصی طور پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے دعا کی،

انہوں نے کہا کہ اس دوران روضہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے متولی اور امام مسجد نبوی ملاقات کیلئے میری رہائش پر آئے جو بڑی ہی سعادت کی بات ہے، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر بلال اکبر، کشمیر کمیونٹی اور تحریک انصاف کے وفود سے ملاقات بھی کیں، کشمیر کمیونٹی نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن سے متعلق جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور وہ ان کے حل کیلئے سرگرم بھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو جلد آزادی کی نعمت سے سرفراز کرے گا،

حالیہ دورہ سعودی عرب اور حجاز مقدس حاضری نے قلوب و ذہن کو معطر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کے قیام کیلئے پرعزم ہوں،میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا سپاہی بن کر عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ لوگوں نے تحریک انصاف پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے حکومت اس اعتماد پر پورا اترنے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس شدید بارش کے باوجود میں آپ کی محبت اور لگاو پر تہہ دل سے آپ کا مشکور ہوں آپ نے جو عزت اور مان دیا ہے وہ میری زندگی کا بہترین سرمایہ ہے۔اس موقع پر کارکنان تحریک انصاف نے جیوے عمران خان اور جیوے قیوم نیازی کے فلک شگاف نعرے لگائے جس نے ماحول کو گرمائے رکھا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے وزراء، ممبران اسمبلی، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close