آزاد کشمیر میں سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئےاقدامات کئے جار ہے ہیں، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے اقدامات کئے جار ہے ہیں لینڈ یوز پلاننگ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے جی آئی ایس کی بنیادوں پر تیار ہونے والا اٹلس اور ڈیٹا بیس خوش آئندہے اور سرکاری اراضی کے تحفظ میں معاون ثابت ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تیار کردہ اٹلس اور ڈیٹا بیس محکمہ مال کے سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو احسان خالد کیانی اور سیکرٹری جنگلات امتیاز احمد کے حوالے کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر بشیر احمد بٹ، ڈائریکٹر لینڈ یوز جی آئی ایس مشتاق حسین پیرزادہ و دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے چیف سیکرٹری کو بتا یا کہ لینڈ یوز پلاننگ نے ترقیاتی سکیم بعنوان سٹیٹ پراپرٹی اونر شپ کے تحت آزاد کشمیر کی سرکاری اراضی کی جی آئی ایس بنیادوں پر میپنگ کرتے ہوئے کام پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے جو کہ اب متعلقہ محکمہ جات کے سپرد کرنا ہے۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے ریکارڈ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری جنگلات کے حوالے کرتے ہوئے کہا کے آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے سرکاری اراضی کا جملہ ریکارڈ جی آئی ایس بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں یہ کام ابھی شروع ہوا ہے۔

اس لحاظ سے آزاد کشمیر اس اہم نوعیت کے کام میں سرفہرست ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ریکارڈ کی روشنی میں تمام سرکاری اراضی پر تجاوزات فور طور پر دیکھی جا سکتی ہیں اور ان تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے فوری فیصلہ سازی میں بھرپور مدد ملے گی جبکہ سرکاری سطح پر ان تجاوزات کے ریکارڈ میں جملہ فائل ورک میں آنے والی دشواریاں ختم ہو نگی اور تمام سرکاری اراضی (خالصہ سرکار، ایوارڈڈ اراضی، اور اراضی زیر انتظام محکمہ جنگلات) پر قابضین کو بے دخل کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔نیز اس جدید ریکارڈ سے آئیندہ کے لئے تجاوزات ما فیا سے چھٹکارہ حاصل ہو گا اور کوئی بھی فرد اب ریکارڈ میں ردو بدل نہیں کر سکے گا۔چیف سیکرٹری نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات اور سیکرٹری ترقیات اور ڈائریکٹر جی آئی ایس لینڈ یوز میپنگ کو اس اہم کام کی تکمیل پر سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس اقدام سے سرکاری اراضی کو نہ صرف تخفظ ملے گا بلکہ قبضہ ما فیا سے سرکاری اراضی وگزار کروانے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close