تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتمادپر پورا اترے گی، جدہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی اوورسیز کشمیریوں کے وفود سے گفتگو

جدہ سعودی عرب (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکے کے عوام نے گزشتہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے نظریے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کر کے آزادکشمیر میں تبدیلی کی بنیاد رکھی۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتمادپر پورا اترے گی، اقتدار میں آنے کے بعد مختصر وقت میں کیے گئے اقدامات سب کے سامنے ہیں، عوام تک جلد حکومتی اقدامات کے ثمرات پہنچیں گے۔آزادکشمیر میں اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے۔

جلد اس حوالے سے قانون سازی کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں مقیم کشمیریوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کشمیری کمیونٹی کے وفود نے وزیراعظم کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر بھی مبارکباد دی اور سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں اب تک کیے گئے حکومتی اقدامات بالخصوص بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے کے فیصلوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بیر ون ممالک آباد کشمیری ہمارا فخر ہیں جو دیار غیر سے زرمبادلہ بھیج کر معیشت کی بہتری میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تحریک انصاف کے منشور میں شامل تھا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں تیس سالہ جمود توڑنے جارہے ہیں اور انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے جس سے تعمیر وترقی کا عمل تیز ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے بھی حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close