آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیل جمع نہ کرانے والے ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی، کون کون شامل؟

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے مقررہ تاریخ تک اثاثہ جات/واجبات/گوشواروں کی تفصیل جمع نہ کروانے والے ممبران اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن ایکٹ 2020کے تحت تمام ممبران اسمبلی پر لازم ہے کہ وہ ہر سال31دسمبر تک یا اس سے قبل اپنے (بشمول شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے) اثاثہ جات / واجبات اور گوشواروں کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں۔

آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے 31دسمبر2021تک اپنے اثاثہ جات/ واجبات اور گوشواروں کی تفصیل جمع نہ کروانے والے ممبران اسمبلی کو16جنوری 2022تک اثاثہ جات/ گوشوارے / واجبات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ممبران اسمبلی چوہدری یاسر سلطان(ایل اے3میرپور3)،ریاض احمد(ایل اے 34جموں 1) اور صبیحہ صدیق (مختص نشست برائے خواتین) نے مقررہ مدت میں اپنے اثاثہ جات / گوشواروں کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن ایکٹ 2020کے تحت متذکرہ تینوں معزز ممبران اسمبلی کی رکنیت معطل ہو گئی ہے جو کہ اثاثہ جات/ گوشواروں اور واجبات کی تفصیل جمع کروانے تک معطل رہے گی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close