تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی سعودی عرب میں کشمیری کمیونٹی سے گفتگو

مظفرآباد/سعودی عرب (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں  وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں  نے سعودی عرب میں کشمیری کمیونٹی کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کشمیری کمیونٹی کے وفود نے وزیراعظم آزادکشمیر کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی جبکہ آزادکشمیر میں  تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے بعد اب تک اٹھائے گئے اقدامات پربھی وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا، اوورسیز کشمیریوں  نے بلدیاتی انتخابات اور اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے کے فیصلہ پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں، وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے سفیر ہیں۔عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں  ، پانچ سو ارب کا میگا ترقیاتی پیکج آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج ہو گا جس سے آزادخطہ کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی اور اس پیکج سے آزادکشمیر ترقی یافتہ خطے بنے گا۔ انہوں  نے کہاکہ تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کیلئے بھی اپنا خصوصی کردار اداکررہی ہے۔ تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا کشمیریوں  کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں  اور ان کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں  گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close