صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی ملاقات

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدر خان نے ایوان صدر مظفر آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے، مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھانے، مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم کو رکوانے اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے حکمت عملی تیز کرنے پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے موثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے سب کو متحرک ہونا پڑے گا۔ ہمارے آپس میں چاہے جتنے بھی سیاسی اختلافات ہوں لیکن مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف ایک ہونا چاہیے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے درمیان ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سب مل جل کر مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھائیں گے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہونے والی حلقہ بندیوں پر اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمو د چوہدیری نے کہا کہ آزا دکشمیر میں ایک بہتر ماحول پیدا کیا جائے تاکہ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جا سکے۔

کیونکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی نظریں آزاد کشمیر پر ہیں اور انہیں کسی صورت یہاں کی صور تحال سے مایوسی نہیں ہونی چاہیے۔ ملاقات میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالا ت اس بات کے متقاضی ہیں کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک نقطہ پر یکجا اور یک زبان ہونی چاہیں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close