آزاد کشمیر،12سے 18سال کے بچوں کی ویکس نیشن کاعمل کو تیز کرنے کا فیصلہ،چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان کی زیر صدارت آزادکشمیر میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال ، پرائس کنٹرول اور تجاوزات کے خاتمہ کے حوالہ سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل احسن الطاف ، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ، ڈی جی صحت عامہ ڈاکٹر آفتاب احمد ، سپیشل سیکرٹری داخلہ حمید مغل ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ چوہدری گفتار احمد، ڈائریکٹر لینڈ یوز پلاننگ مشتاق پیرزادہ نے شرکت کی جبکہ تینوں ڈویژن کے کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز صاحبان بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شریک ہوئے ۔

چیف سیکرٹری کو کورونا ویکسینیشن کے عمل ، تجاوزات کے خاتمے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کےلئے ویکسینیشن بالخصوص 12سے 18سال کے بچوں کی ویکسنینشن کے عمل کو تیز کیا جائےگا اوراس کی موثر مانیٹرنگ کی جائیگی ۔ آزادکشمیر کے انٹری پوائنٹس پرپولیس کے ساتھ محکمہ صحت کا عملہ تعینات کیا جائے گا جو مسافروں کی ویکسینیشن چیک کریگا اورویکسینیٹڈ نہ ہونے کی صورت میں انٹری پوائنٹس پر ہی ویکسینیشن کی جائیگی۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزپرائس کنٹرول کے حوالے اضلاع میں قیمتوں کے فرق کو ختم کرنے کےلئے اقدامات اٹھا کر یکساں قیمتیں نافذ کرکے چیف سیکرٹری آفس کو رپورٹ پیش کریں گے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کی روک تھام اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ صرف مجازشخصیات کو ہی ریاستی جھنڈا گاڑیوں پرلگانے کی اجازت ہوگی ۔ گاڑیوں پر نصب غیر قانونی لائٹس کے خلاف بھی ایکشن لیاجائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شکیل قاد ر خان نے کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے میرپور اور نیلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ جن اضلاع میں ویکسی نیشن کے اہداف پورے نہیں ہوئے وہ جلد اہداف کا حصول یقینی بنائیں، بالخصوص پونچھ میں12سے18سال کی بچوں میں ویکسینیشن کا عمل تیز کیا جائے ۔ مانیٹرنگ کا عمل تیز کیا جائے ۔ روزانہ کم از کم 6سے7ہزار بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اومی کرون کا ابھی تک آزادکشمیر میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم کوورناکا یہ ویرینٹ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اس سے بچاؤ کےلئے ویکسینیشن کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مختلف اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے فرق کو ختم کیا جائے اور تمام اضلاع میں یکساں قیمتوں پر عوام کو اشیائے ضروریہ مہیا کی جائیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ اور تجاوزات کے حوالے سے ڈیٹا مہیا کی جائے۔ جنگلات کی زمینوں پر جہاں کہیں تجاوزات ہیں ان کا بھی ریکارڈ ااکٹھاکیا جائے ۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں میونسپل کارپوریشنز کی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سکیم موجود ہے ، کمشنرز وار ڈپٹی کمشنرز اس سکیم کے ذریعے اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں ۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close