پارٹی منشور پر عمل کرنے کے لیے حکومت پرعزم اور سرگرم ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیرکی پارٹی رہنماؤں اور وفود کے ساتھ گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ پارٹی منشور پر من وعن عمل کرنے کے لیے حکومت پرعزم اور سرگرم ہے۔ پارٹی منشور کے مطابق حکومت نے ایڈہاک ایکٹ کا خاتمہ کیا اور اب تیس برس بعد بلدیاتی الیکشن کرانے جارہی ہے۔ خطے کی تعمیر وترقی، انتظامی اور معاشی ڈھانچہ میں بہتری کے لیے بھی انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔ مہاجرین جموں وکشمیر کی بحالی، مکانیت اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ، پی ٹی آئی کے سیکرٹری مالیات سردار ذوالفقار عباسی اورمختلف وفود کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ نے وزیراعظم کی جانب سے مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کو سراہا اور کہا کہ مہاجرین کے وہ مسائل جو گزشتہ کئی عشروں سے حل طلب تھے آپ نے انہیں حل کرانے کا عمل شروع کیا وہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم پاکستان سے مہاجرین کی آبادی کاری کے لیے تیرہ سو مکانات کی تعمیر کی منظوری حاصل کرنے پر انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے وسائل پر مہاجرین کا حق ہے کیونکہ انہوں نے تحریک آزادی کی شمع جلائے رکھی ہے اور گھر بار کو تحریک آزادی کی تکمیل کے لیے خیر آباد کہا۔

پی ٹی آئی کی منشور کمیٹی کے چیئرمین اور سیکرٹری مالیات ذوالفقارعباسی نے بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکومتی فیصلہ کی تعریف کی اور کہا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن سمیت دیگر میگا منصوبوں پر پیش رفت قابل ستائش ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا باب رقم کرے گی اور اپنے منشور پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close