وزیر اعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت میڈیکل کالجز کے حوالے سے اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل احسن الطاف ستی، پرنسپل سیکرٹری ظفرمحمود خان اور میڈیکل کالجز کے پرنسپل صاحبان نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت عامہ اور میڈیکل کالجزکے پرنسپلز نے بریفنگ دی۔

انہوں نے وزیراعظم کو کالجز کے بجٹ، انفراسٹرکچراورمسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی کہ کالجز کے انتظامی امور میں بہتری لائی جائے، کالجز معیار کو بہتر بنائیں، کوالٹی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔10سالوں سے میڈیکل کالجز کے مسائل کا حل نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میڈیکل کالجز کی زیر تعمیرات عمارات کومقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ تینوں کالجز ایک ہی طرح کا فیس سٹرکچر لائیں۔ ڈسپلن پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی اخلاقی ترویج اور کردار سازی پر بھی فوکس کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ میڈیکل کالجز کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت وسائل فراہم کریگی تاہم کالجز کے امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ کالجز میں مالیاتی ڈسپلن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ گورننگ باڈی کے باقاعدگی کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں۔ بجٹ کی متعلقہ فورمز سے بروقت منظوری حاصل کی جائے۔ ترقیاتی منصوبوں پر فوری عملدرآمداور مقررہ مدت میں تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ کوئی بھی منصوبہ شروع کرنے سے قبل اس کی فزیبلٹی بنائی جائے اور مستقبل کو مدنظر رکھ کر پلاننگ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کالجز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت فنڈز فراہم کرنے سمیت تمام اقدامات اٹھائے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close