مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے آزادکشمیر میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے دوران ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے انتظامیہ کو کسی بھی نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے وزیر اعظم آفس کو آگاہ رکھا جائے۔ تمام رابطہ سڑکیں جلد از جلد بحال کی جائیں اور لوگوں کو شاہرات کی صورتحال سے اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ لیپہ ،نیلم ،حویلی کی رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام تیز کیا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہنگامی حالات میں تمام انتظامی ادارے باہمی کو آرڈینیشن یقینی بنائیں۔ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے عوام کا زمینی راستہ بحال رکھنا حکومت اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام کو آسان سفری سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ وزیراعظم نے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی تلقین بھی کی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں