وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی و ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس، نوجوانوں اور خواتین کو خصوصی اہمیت دینے اوربلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی و گزشتہ عام انتخابات کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس خان اور آزاد کشمیر کے 33 حلقوں سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی/ سابق امیدواران اسمبلی شریک تھے۔ اجلاس میں آزادکشمیر میں ہونے والے آمدہ بلدیاتی انتخابات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وزاراء کرام،ممبران اسمبلی اور سابق امیدواران نے اپنی اپنی آراءدیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہر صورت ہوں گے کارکن الیکشن کی تیاریاں کریں،عام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن عوام کی حمایت سے بھرپور قوت سے کامیابی حاصل کریں گے، بلدیاتی انتخابات کیلیے نظریاتی اور محنتی کارکنوں کو ٹکٹ دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اعلانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ ماضی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صرف ہوائی اعلانات ہوتے رہے لیکن انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی، کارکن اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے 30سال بعد آزادجموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور اللہ کے فضل و کرم سے اس پر عملدرآمد کروانے جا رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو گا اور عام آدمی کے مسائل زیادہ بہتر انداز میں حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔ عوامی فلاحی منصوبوں کو اولین ترجیح دیں گے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے، وزراء کرام اور ممبران اسمبلی کو بھرپور فنڈز فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کروانا ایک بڑا چیلنج تھا،یہ چیلنج ہم نے قبول کیاہے، چھ ماہ کے اندر بلدیاتی الیکشن کروا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرینگے،نوجوانوں وخواتین کونمائندگی کیلئے خصوصی حصہ دینگے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close